QR CodeQR Code

پرامن پاکستان ہی ہم سب کیلئے کامیابی کی نوید ثابت ہوسکتا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

1 Jan 2021 17:31

اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہم مشترکہ دشمن کے نشانے پر ہیں، ہمیں فروعی اختلافات کو نظر انداز کرکے اس دشمن کو درک کرنا ہوگا، جو ایک خود مختار اور پرامن اسلامی ریاست کو جہنم بنانے پر تلا ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے نئے سال کی آمد پر پوری قوم کو تجدید عہد کرنا ہوگا کہ ملک کی خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لئے انفرادی کردار ادا کیا جائے گا، باہمی اتحاد و اخوت کے جذبوں سے سرشار ہوکر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مشن کو آگے بڑھانا ہے، ہر قسم کے تعصبات، دوریوں اور نفرتوں کو مٹا کر رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہی ہم سب کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کسی مخصوص مسلک کی جاگیر نہیں بلکہ اس میں بسنے والے ہر فرد کو بلاتخصیص مذہب و ملت برابری کے حقوق حاصل ہیں، مختلف مسالک کے مابین موجود اختلافات کی بنیاد علمی و تاریخی ہے، جسے ملک دشمن قوتیں آپس کی دشمنی میں بدلنا چاہتی ہیں، ہم مشترکہ دشمن کے نشانے پر ہیں، ہمیں فروعی اختلافات کو نظر انداز کرکے اس دشمن کو درک کرنا ہوگا، جو ایک خود مختار اور پرامن اسلامی ریاست کو جہنم بنانے پر تلا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز ہم سب کی شناخت اور ہمارے عقیدوں کے تحفظ کی ضمانت ہے، ہماری سلامتی ارض پاک کی سالمیت و بقاء سے مشروط ہے، ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا، نئے سال کا آغاز پوری قوم اس عزم اور عہد کے ساتھ کھڑے ہوں کہ ہر اس قوت کی مخالفت کی جائے گی، جو ملک کو انتشار کی طرف لے جانے کی کوشش کرتی ہو، ملک کی ترقی میں ہر شخص اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرے گا، کسی بھی ایسی مذہبی و سیاسی جماعت کے آلہ کار کا کردار قطعاََ ادا نہیں کیا جائے گا، جس کا مقصد ملک میں انارکی پھیلا کر سیاسی، معاشی، تجارتی یا اقتصادی نظام کو پٹری سے اتارنا ہو۔ انہوں نے کہا کہ پرامن پاکستان ہی ہم سب کے لئے کامیابی کی نوید ثابت ہوسکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 907387

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/907387/پرامن-پاکستان-ہی-ہم-سب-کیلئے-کامیابی-کی-نوید-ثابت-ہوسکتا-ہے-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org