0
Friday 1 Jan 2021 19:20

غلام محمود ڈوگر سی سی پی او لاہور تعینات کر دیئے گئے

غلام محمود ڈوگر سی سی پی او لاہور تعینات کر دیئے گئے
اسلام ٹائمز۔ پنجاب حکومت نے جرائم کی شرح بڑھنے اور تنازعات کا پہاڑ کھڑا ہونے کے بعد عمر شیخ کو  کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے غلام محمود ڈوگر کو لاہور پولیس کا نیا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔ غلام محمود ڈوگر انتہائی تجربہ کار سمجھے جانے کیساتھ ساتھ اچھی شہرت کے مالک بھی ہیں۔ لاہور میں تعینات ہونیوالے سی سی پی او  غلام محمود ڈوگر جرائم روکنے میں بے مثال کردار رکھتے ہیں جبکہ وہ اس سے قبل لاہور میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جس کے باعث وہ لاہور پولیس کے مزاج اور محکمے کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ غلام محمود ڈوگر اس سے قبل لاہور میں ایس پی ایڈمن، چیف ٹریفک آفیسر اور ڈی آئی جی آپریشن کے عہدوں پر فرائض سر انجام دے چکے ہیں جبکہ ان کا تمام عہدوں پر ٹریک ریکارڈ بھی اچھا ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عمر شیخ لاہور میں کارکردگی نہیں دکھا سکے اور کرائم ریٹ روزانہ کی بنیاد پر بڑھتا ہی چلا جارہا تھا۔ عمر شیخ کا تعیناتی کے فوری بعد سابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کیساتھ جھگڑا بھی سامنے آیا تھا تاہم بعدازاں آئی جی کو ہی تبدیل کر دیا گیا تھا۔ عمر شیخ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد تین چار ایسے آفیسر کو عہدے سے ہٹوایا جن کیخلاف کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ انہوں نے دوست محمد جو کہ ایس ایس پی ماڈل ٹاﺅن تھے، کو تین کروڑ روپے کرپشن کے الزام میں عہدے سے فارغ کروایا تھا۔ عمر شیخ نے لاہور کے تمام ایس ایچ اوز اور ایس پی آفسران کو تبدیل کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ عمر شیخ اور دیگر افسران کے درمیان اکثر تنازعات کی خبریں بھی سامنے آتی رہی ہیں۔ سی سی پی او لاہور کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے تین ناموں پر غور کیا گیا جن میں وسیم سیال، طارق عباس قریشی اور غلام محمود ڈوگر کا نام شامل تھا تاہم بعد ازاں لاہور میں تعیناتی اور ذمہ داریوں کا تجربہ رکھنے والے غلام محمود ڈوگر کے نام کو فائنل کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 907409
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش