0
Friday 1 Jan 2021 22:49

 عمران خان کی حکومت میں صرف چینی، آٹا، پیڑول اور ڈرگ مافیاز نے ترقی کی، غریب پس رہا ہے، سراج الحق

 عمران خان کی حکومت میں صرف چینی، آٹا، پیڑول اور ڈرگ مافیاز نے ترقی کی، غریب پس رہا ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ سال 2020ء پاکستان کے عوام کے لئے بہت بھاری ثابت ہوا، ملک کی باگ دوڑ مافیاز کے ہاتھ میں رہی جنہوں نے چینی، آٹا، پیڑول غائب کرکے اربوں کمائے اور ملک کو لوٹا۔35 لاکھ سے زائد افراد بے روزگار ہوئے، پورا سال اسمبلیوں میں قانون سازی کی بجائے گالی گلوچ ہوتی رہی، ایک طرف کرونا دوسری طرف حکمرانوں کی نااہلی نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنائے رکھی۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں، دونوں امریکی غلامی پر راضی ہیں۔ قوم نے تینوں بڑی جماعتوں کے ادوار دیکھ لیے۔ یہ پارٹیاں جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے کلبز ہیں، جماعت اسلامی عوام کی حقیقی ترجمان اور ملک کو قرآن وسنت کا نظام دینا چاہتی ہے۔ دعاگو ہوں کہ2021ء قومی اتحاد و اتفاق کا سال ہو۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے فیصل آباد میں صوبائی امیر وسطی پنجاب جاویدقصوری اور ضلعی امیرمحبوب الزماں بٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں صرف چینی، آٹا، پیڑول اور ڈرگ مافیاز نے ترقی کی جب کہ غریب آدمی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔ تعلیمی بجٹ میں کٹوتی کی گئی، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی غلامی جاری رہی، اس وقت بھی آئی ایم ایف کے لوگ اسلام آباد میں بیٹھے ہیں، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے لیے حکومت پر دباو ڈال رہے ہیں۔ وہ یہی چاہتے ہیں کہ حکومت عوام کی گردنوں کو مروڑے رکھے اور ظلم کا نظام جاری رہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ملک میں جاگیردارانہ اور آمرانہ نظام ہی جاری رہنا تھا تو ہمارے آباو اجداد کی قربانیوں کا کیا فائدہ ہوا جنہوں نے قائداعظم کی قیادت میں اس ملک کو اسلام کی تجربہ گاہ بنانے کے لیے انگریز سے آزاد کروایا۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی پالیسیوں میں کوئی اختلاف نہیں ہے، عوام نے تینوں پارٹیوں اور فوجی آمروں کے ادوار دیکھ لیے سب نے استعماری نظام کو جاری و ساری رکھا اور ملک کے لیے کچھ نہیں کیا۔ حقیقت یہ ہے کہ حکمران پارٹیاں جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے کلبز ہیں جو انہی کے فائدے کے لیے فیصلے کرتی ہیں۔ 
 
خبر کا کوڈ : 907430
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش