0
Saturday 2 Jan 2021 11:54

اہلسنت کے کھوئے ہوئے تشخص کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، ثروت اعجاز قادری

اہلسنت کے کھوئے ہوئے تشخص کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجازقادری نے کہا ہے کہ حکومت نے بجلی و پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب عوام کو نئے سال کا تحفہ دیا ہے، حکومت غریبوں کو قیمتیں کم کرکے خوشخبری دیتی، مگر اس کے برعکس اقدامات کئے گئے، جو مایوس کن عمل ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر معززین شہر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عوام سال نو کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے پُرامید ہیں، حکومت کو عوامی امنگوں کی ترجمانی کرنا چاہیے، حکومت کو نیک نیتی کے ساتھ میڈ اِن پاکستان پالیسیاں مرتب اور بیرونی مداخلت کو مسترد کرنا ہوگا۔  انہوں نے کہا کہ سال نو پر تجدید عہد کرتے ہیں کہ نظریہ اہلسنت کا تحفظ اور شہید قائدین کے نیک مشن سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، ملک میں انارکی، انتشار اور انتہاپسندی اور جرائم کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ غریب عوام کو غربت سے نجات دلانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، عوام کے بنیادی مسائل حل کرکے ہی جمہوریت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے، عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلسنت کے کھوئے ہوئے تشخص کو بحال کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، اہلسنت کی پہچان المدد یارسول اللہﷺ ہے، کارکنان عوام میں شعور بیدار کریں، اہلسنت کے تحفظ اور کھوئے ہوئے تشخص کو واپس لانے کیلئے ہر عاشق رسولؐ کو میدان میں آنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 907500
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش