0
Sunday 3 Jan 2021 10:40
دہشتگردی کیلئے مالی معاونت کا کیس

کالعدم لشکر طیبہ کے رہنما ذکی الرحمٰن لکھوی گرفتار

کالعدم لشکر طیبہ کے رہنما ذکی الرحمٰن لکھوی گرفتار
اسلام ٹائمز۔ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے دہشت گردی کے لیے مالی معاونت کے کیس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کے اہم رہنما ذکی الرحمٰن لکھوی کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق سی ڈی ٹی کے لاہور تھانے میں 7 دسمبر کو ذکی الرحمٰن لکھوی کے خلاف دہشتگری کے لیے مالی معاونت کے الزامات پر ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دیے گئے ذکی الرحمٰن لکھوی کی گرفتاری سے متعلق سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ یہ گرفتاری خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیم کی جانب سے کیے جانے والے آپریشن میں لاہور کے رنگ روڈ سے عمل میں آئی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ذکی الرحمٰن لکھوی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے لیے مالی معاونت کے سلسللے میں فنڈ جمع اور تقسیم کرنے کے لیے ایک میڈیکل ڈسپنسری چلا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان فنڈز کو اپنے ذاتی اخراجات کے لیے بھی استعمال کرتا تھا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا ان کا ٹرائل لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت کے سامنے چلایا جائے گا۔ دوسری جانب ذکی الرحمٰن لکھوی کے وکیل عمران گل نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی اور کہا کہ ان کے کیس پر اگلے ہفتے سے سماعت ہو گی، تاہم انہوں نے مزید سوالات کا جواب نہیں دیا۔ 

ادھر سی ٹی ڈی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ذکی الرحمٰن لکھوی پر ایک اسلامی عسکریت پسند گروپ کے لیڈر ہونے کے کا الزام ہے اور امریکا اور بھارت 2008ء کے ممبئی حملوں کے لیے انہیں ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔عہدیدار نے بتایا کہ یہ گرفتاری ایک مخصوص عسکریت پسند حملے پر نہیں بلکہ دہشت گردی کے لیے مالی معاونت کے سلسلے میں کی گئی۔ ادھر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کیمٹی کہتی ہے کہ ذکی الرحمٰن لکھوی لشکر طیبہ کے چیف آف آپریشنرز ہیں اور ان پر چیچنیا، بوسنیا، عراق اور افغانستان سمیت دیگر خطے اور ممالک میں کافی عسکریت پسند سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
خبر کا کوڈ : 907721
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش