0
Sunday 3 Jan 2021 19:51
تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کی رسم چہلم ادا، ہزاروں افراد کی شرکت

موت سے کوئی خوف نہیں، حرمت رسول پر سب کچھ قربان ہے،سعد رضوی

حکومت نے معاہدے کے تحت وعدے پورے نہ کئے تو اپنا لائحہ عمل دیں گے، خطاب
موت سے کوئی خوف نہیں، حرمت رسول پر سب کچھ قربان ہے،سعد رضوی
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی کی رسم چہلم لاہور میں ملتان روڈ پر چوک یتیم خانہ میں ادا کر دی گئی۔ رسم چہلم میں تحریک لبیک کے ملک بھر سے کارکنوں، مشائخ، علمائے کرام سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے خادم رضوی مرحوم کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی نے کہا کہ ان کے والد خادم رضوی نے انہیں دس سال تک کارکنوں کیساتھ رکھا ہے، وہ ایک کارکن سے اس مقام تک پہنچے ہیں، وہ کارکنوں کے احساسات سمجھتے ہیں۔ سعد رضوی کا کہنا تھا کہ ناموسِ رسالت پر ہماری جان، مال اور اہلخانہ بھی قربان ہیں، مولانا خادم رضوی کا مشن ان کی تعلیمات کے مطابق جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں کارکنون کے جذبات و احساسات کو سمجھ سکتا ہوں، کیونکہ جہاں آپ بیٹھے ہیں میں دس سال بیٹھ کر بطور کارکن خادم رضوی کو سنتا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان میں عہد کیا تھا کہ ہم حرمت رسول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ سعد رضوی کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؑ  کا قول ہے کہ ظلم کیخلاف جلدی اٹھنا ہے، جتنی دیر سے اٹھو گے اتنی زیادہ قربانی دینی پڑے گی۔ فرانسیسی سفیر کے حوالے سے سعد رضوی نے کہا کہ 17 جنوری آخری تاریخ ہے، ہم 16 جنوری کو ایک ریمانڈر دیں گے، اگر حکومت نے ہمارے ساتھ کئے گئے وعدوں پر عمل نہ کیا تو پھر ہم اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہم حرمت رسول کیلئے اپنی جانیں بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خادم رضوی نے حرمت رسول کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا، ہم اپنی جان مال سب کچھ قربان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حرمت رسول کیلئے جنگ چھڑ چکی ہے جو پیچھے رہ جائے گا وہ غدار قرار پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حرمت رسول کیلئے اس جنگ میں اگر ہماری جان بھی چلی گئی تو یہ ہمارے لئے سعادت ہوگی۔ سعد رضوی نے تبدیلی سرکار کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ ہمارا آپ کیساتھ کوئی جھگڑا نہیں، اگر حکومت نے حرمت رسول پر سمجھوتہ کیا تو پھر ہماری حکومت کیخلاف بھی کھلی جنگ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سور کے کباب اور بکری کے کباب کھانے والے برابر نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب بھی نکلیں تو ہمیں گولیاں اور دھمکیاں ملیں؟ یہ ذہن میں رکھنا ہم سے کوئی توقع نہیں رکھنا، حکومت حرمت رسول کے دفاع کیلئے میدان میں آ جائے ہم آپ کے جوتے اپنی پگڑیوں پر باندھ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کارکنوں کو بلائیں گے، ہماری جان حضور کی ناموس پر قربان ہے، ہمارے جذبات مزید بڑھ چکے ہیں، ادھر ہم تصور کرتے ہیں، ادھر مالک ہماری خواہش پوری کر دیتا ہے۔ سعد رضوی نے کہا کہ ہم نے بہت سختیاں دیکھی ہیں۔ آپ شیلنگ کر رہے تھے، اللہ ہماری مدد کر رہا تھا کیونکہ ہم حضور کے عزت کے پہرے دار ہیں۔ ہمیں موت سے کوئی خوف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح صحابہ کرام دعوت حق پر آئے اور سب کچھ چھوڑ کر دین اسلام میں داخل ہو گئے، اسی طرح خادم رضوی نے بھی پوری قوم کو محبت رسول کے دائرے میں داخل کر دیا ہے۔ شام سے آئے ہوئے مشائخ نے بھی سعد رضوی کے ہاتھ پر بیعت کی۔ اور حرمت رسول کیلئے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں آپ اپنے والد کی طرح پرچم حق بلند رکھیں گے۔ اس موقع پر مرحوم خادم حسین رضوی کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

خادم حسین رضوی کے چہلم کے موقع پر ٹی ایل پی کے رضاکاروں سمیت پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے ٹریفک وارڈن بھی موجود رہے۔ شرکاء کو جامہ تلاشی کے بعد جلسہ گاہ میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ ڈویژنل ایس پی کی نگرانی میں 18 سینئر وارڈنز، 220 وارڈنز بھی تعینات تھے۔ ملتان روڈ بند ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی کیلئے متبادل راستے فراہم کئے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 907827
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش