0
Sunday 3 Jan 2021 23:12

تحریک انصاف والے قادیانیوں کے ایجنٹ ہیں، مولانا فضل الرحمان

تحریک انصاف والے قادیانیوں کے ایجنٹ ہیں، مولانا فضل الرحمان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک جہاد ہے اور اس سے پیچھے ہٹنا گناہ کبیرہ ہے۔ یہ بات انہوں ںے پی ڈی ایم کی بہاولپور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ریلی سے مریم نواز، یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج بہاولپور کے عوام نے اس جلسے میں شرکت کرکے حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا، اس ریلی سے قبل پی ڈی ایم کا اجلاس تھا، لوگوں کا خیال تھا کہ آج اجلاس میں پی ڈی ایم ٹوٹ جائے گی لیکن جب ہم اجلاس کے بعد ایک آواز ہوکر باہر نکلے تو مخالفین کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔ انہوں ںے کہا کہ لوگ خودکشیاں کررہے ہیں لیکن وزرا گھروں میں چین کی نیند سو رہے ہیں، ووٹ چوری کرکے حکومتیں نہیں چلا کرتیں اس کے لیے عوام کا نمائندہ بننا پڑتا ہے، عوام کے اصل نمائندے پی ڈی ایم والے ہیں، ایک طرف ناجائز اور غیرجمہوری حکومت اور دوسری طرف ملکی معیشت کو تباہ کر دیا گیا ہے، ریاست کی بقا کا دار و مدار مستحکم معیشت پر ہوتا ہے، جب نواز شریف کی حکومت بجٹ پیش کررہی تھی تو ملکی معیشت میں ترقی کی شرح چھ فیصد تک تھی لیکن ان کے دونوں بجٹ میں یہ شرح کم ہوگئی۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ یہ کشمیر فروش ہیں جنہوں ںے کشمیریوں کو مودی کے ظلم کے حوالے کر دیا ہے، ہم پانچ فروری کو کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے، مظاہرے کریں گے اور بتائیں گے کہ یہ حکومت کشمیر فروش ہے کہ کشمیر کی تقسیم کا فارمولا اسی حکومت نے پیش کیا تھا۔ فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ بھی عمران خان نے کہا کہ خدا کرے مودی کامیاب ہو اور کشمیر کا مسئلہ حل ہو جائے اور دیکھ لیں مودی کے نزدیک کشمیر کا مسئلہ کیسے حل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس دنیا بھر سے پی ٹی آئی کو ملنے والے پیسے کی خورد برد کا کیس ہے جسے الیکشن کمیشن مسلسل التوا میں رکھ رہا ہے، تحریک انصاف کو سب سے زیادہ پیسہ اسرائیل سے آیا، یہ قادنیوں کے ایجنٹ ہیں، ہم اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے اور سب سے پہلے بیت المقدس کو آزاد کرائیں گے، 21 جنوری کو کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالیں گے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ یہ حکومت بیرونی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، یہ چین کی اتنی بڑی سرمایہ کاری کو ناکام بنانا چاہتے ہیں، آج افغانستان اور ایران آپ کے ساتھ نہیں، پاکستان خطے میں تنہا ہوچکا، ہندوستان، بنگلہ دیش، ملائشیا اور دیگر ممالک کی معیشت اوپر کی جانب لیکن ہماری معیشت ڈوب رہی ہے، عوام بتائیں یہ حکومت پاکستان کی بقا کے لیے خطرہ ہے کہ نہیں؟۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے اس کی تیاری نہیں تھی اور پھر کہتا ہے کہ میرے مطلب کو غلط بیان کیا گیا، جس شخص کو نہ بیان دینا آتا ہے اور نہ صفائی دینی آتی ہے اس شخص کو ملک کا وزیراعظم بنایا ہوا ہے، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں یہاں حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں۔ سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ حکومت کے خلاف اس تحریک کو آئین اور قانون کے دائرے میں چلانا جہاد کرنے کے برابر ہے اور اس سے پیچھے ہٹنا گناہ کبیرہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 907850
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش