0
Monday 4 Jan 2021 00:09

قومی دولت لوٹنے والوں کے خلاف بلاامتیاز احتساب کیا جائے، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر

قومی دولت لوٹنے والوں کے خلاف بلاامتیاز احتساب کیا جائے، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے جامع غوثیہ مسجد میں جے یو پی حیدرآباد کے زیر اہتمام محفل عظمت مصطفےٰ ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مصطفےٰ کریم ﷺ کی ناموس کی حفاظت، اسلام کی عظمت اور شعائر اسلام کے تحفظ کیلئے کمربستہ ہو جائیں، حکمراں مدارس اور مساجد کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔ روحانیت کے مراکز مزارات اولیاء پر تالے ڈال دئیے گئے ہیں، اولیاء اور صوفیاء کی تعلیمات کو روکنے اور اسلام کے آفاقی پیغام کو کچلنے کیلئے نت نئے حربے اور بہانے تراشے جارہے ہیں۔ عمران خان سابقہ حکمرانوں سے سبق حاصل کریں جنہوں نے عاشق رسولﷺ کو پھانسی چڑھایا اور ختم نبوت ﷺ کے قوانین سے چھیڑ چھاڑ کی وہ آج ذلیل و رسوا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملعونہ آسیہ مسیح کو رہا کرا کر فرار کرایا اور قادیانیت نواز منصوبہ پر عمل پیرا ہے۔ اس کا انجام بھی سابقہ حکمرانوں کی طرح بڑا عبرتناک ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دائیں بائیں کرپٹ، خائن اور قومی دولت لوٹنے والے براجمان ہیں، یہی وجہ ہے کہ PDM کو حکومت کے خلاف احتجاجی جلوسوں کی ہمت ہو رہی ہے اور مولانا فضل الرحمان نے نیب کو جواب دینے سے انکار کردیا ہے۔ حکومت اپنی صفوں سے آٹا اور چینی مافیا کو نکال باہر کرے۔ کرپٹ اور قومی دولت لوٹنے والوں کے خلاف بلاامتیاز احتساب کیا جائے، ان سے قومی دولت واپس لی جائے تو ملک کے تمام قرضے ادا ہو سکتے ہیں۔ حکومت ریاست مدینہ کو بدنام اور غریب کو بدحال کرنے کا سلسلہ بند کرے اور ریاست مدینہ کا حقیقی نظام رائج کیا جائے تاکہ اس ملک میں اللہ کے محبوب کا نظام نافذ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسی ریاست مدینہ ہے جہاں نوجوان بے روزگار، غریب دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان اور دوہرے انصاف کے باعث اضطراب میں مبتلا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک حکمراں اپنی ذمہ داری کو پورا نہیں کریں گے ملک کا نظام نہیں بدلے گا، ایک کروڑ نوکریوں، پچاس لاکھ گھروں اور غریب کو دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے دعویٰ دھرے رہ گئے بلکہ خان حکومت کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں کئی لاکھ افراد بے روزگار، غریب چھت سے محروم اور اور غربت افلاس کے مارے عوام نان جوین سے بھی محروم کردئیے گئے ہیں۔ گیس کی بندش، بجلی کی لوڈشیڈنگ، غلاظت سے بھرپور بدبودار پانی کی فراہمی، پیٹرول کی گرانی کے سبب عوام سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ اپوزیشن اور حکومت NRO،NRO کھیل رہی ہے۔ ہمارے اکابرین نے ہر دور میں کلمہ حق بلند کیا ہے، علامہ شاہ احمد نورانی، علامہ جمیل احمد نعیمی اور غازی ممتاز حسین قادری کی جرأت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حکمرانوں کی اصلاح کا فریضہ انجام دیتے رہیں گے کانفرنس سے قاری نیاز احمد نقشبندی، صاحبزادہ محمود احمد قادری، قاری احمد علی سعیدی، مولانا بلال مدنی نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 907857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش