QR CodeQR Code

ملک میں دہشتگردی کا دوبارہ آغاز قومی سلامتی و استحکام کیلئے خطرہ ہے، علامہ باقر زیدی

4 Jan 2021 19:46

ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ بھارت، اسرائیل اور امریکہ کے ناپاک وجود نے پورے خطے کا امن غارت کر رکھا ہے، انہی طاقتوں کے سہولت کار پاکستان کے استحکام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں شیعہ ہزارہ کمیونٹی کے گیارہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے اسے قومی سلامتی کے خلاف عالمی سازش قراد دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کا دوبارہ آغاز قومی سلامتی و استحکام کے لئے خطرہ ہے، داعش کی طرف سے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرنے کا مقصد پاکستان کی سرزمین پر عالمی دہشت گرد تنظیم کی موجودگی کے تاثر کو تقویت دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، اسرائیل اور امریکہ کے ناپاک وجود نے پورے خطے کا امن غارت کر رکھا ہے، انہی طاقتوں کے سہولت کار پاکستان کے استحکام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، بلوچستان میں بربریت کے حالیہ واقعہ میں وہ تکفیری دہشت گرد ملوث ہیں جن کی ڈور غیر ملکی ایجنسیوں کے ہاتھ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ قبیلہ کو دشمن نے آسان ہدف سمجھا ہوا ہے، حکومت مکمل تحفظ فراہم کرے، ہماری قوم نے اپنی مٹی سے محبت کی قیمت انمول جانوں کی قربانی دے کر چکائی ہے، ہم مزید کسی آزمائش کے قطعی متحمل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شدید سردی میں مقتولین کے لواحقین اپنے پیاروں کی لاشیں لے کر مغربی بائی پاس پر دو دن سے احتجاج کر رہے ہیں، مطالبات کی منظوری میں بےجا طوالت حکومت کے لئے مشکلات کا باعث بنے گی، ریاست ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے ہزارہ برادری کی داد رسی کرے ان کے دکھوں کا مداوا کرے، دہشت گردی کے واقعات کے سدباب کیلئے شدت پسندوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنا ہوگا، وگرنہ دہشت گردی کے خلاف ہزاروں قیمتی جانوں کی قربانیاں دے کر جیتی ہوئی جنگ کی بازی پلٹنے کا خطرہ سر پر منڈلاتا رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 908053

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/908053/ملک-میں-دہشتگردی-کا-دوبارہ-آغاز-قومی-سلامتی-استحکام-کیلئے-خطرہ-ہے-علامہ-باقر-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org