0
Monday 4 Jan 2021 20:20

سانحہ مچھ کیخلاف گلگت میں ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کا احتجاجی مظاہرہ

سانحہ مچھ کیخلاف گلگت میں ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کا احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام بلوچستان مچھ کے مقام پر بیگناہ محنت کشوں کے بہیمانہ قتل کیخلاف وحدت ہاﺅس گلگت سے خزانہ روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے اختتام پر شہدائے مچھ کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن جی بی اسمبلی حاجی رضوان علی نے کہا کہ حکومت بلوچستان سیکورٹی کے مسائل پر خصوصی توجہ دے۔ آئے روز دہشت گردی کے واقعات نے ملک کو بدنام کر دیا ہے۔ سیکورٹی ادارے اپنی ناقص کارکردگی کا جائزہ لیکر فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنائیں۔ دشمن چاہتا ہے کہ ملک کو افراتفری میں مبتلا کرے اور فرقہ وارانہ کشیدگی کو فروغ دیکر امن و امان کو تہہ و بالا کر دے لیکن یاد رکھیں جب تک مظلومین کے حامی زندہ و بیدار ہیں دشمن کی ناپاک سازشوں کو کامیاب ہونے نہیں دینگے۔

شیخ مجتبیٰ حسین نے اپنے خطاب میں شہدائے مچھ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونا ہمارے لئے باعث افتخار ہے اور ہم بلوچستان کی سرزمین پر ہونے والی قتل وغارت کا بدلہ امریکہ اور اسرائیل سے لیں گے۔ امریکہ اور اسرائیل کے ایجنٹ پوری دنیا میں اپنے گماشتوں کے ذریعے دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں۔ الحمد للہ پاکستان کے مسلمان دشمن کی سازشوں کو پہچان چکے ہیں اور اپنے اتحاد کے ذریعے انہیں شکست سے دوچار کر دیں گے۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل برادر ایثار احمد مختار نے کہا کہ مظلوم کی دادرسی ہمارا بنیادی ہدف ہے۔ آج بلوچستان کی سرزمین پر بیگناہوں کا خون بہایا گیا ہے جو رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ استعماری طاقتوں نے ہمیشہ سے مسلمانوں کے درمیان تفرقہ پھیلانے کی کوشش کی ہے اور حالیہ دہشت گردی بھی انہی سازشوں کی کڑی ہے۔ دشمن اپنے مذموم مقاصد کے حصول میں ناکام و نامراد رہے گا اور فتح و کامرانی انشاء اللہ حق پرستوں کی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 908059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش