0
Monday 4 Jan 2021 21:33

مزدوروں کو مسلک کی بنیاد پر نشانہ بنانا بھیانک واردات ہے، علامہ افضل حیدری

مزدوروں کو مسلک کی بنیاد پر نشانہ بنانا بھیانک واردات ہے، علامہ افضل حیدری
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور مہتمم اعلیٰ حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر لاہور علامہ محمد افضل حیدری نے مچھ میں محنت کشوں کی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت کو بدترین دہشتگردی قرار دیتے ہوئے انسانیت سوز واقعہ کی سخت مذمت اور غمزدہ متاثرین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔ جامعہ المنتظر میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رزقِ حلال کمانے میں مشغول مظلوم مزدوروں کی مسلکی بنیاد پر شناخت کے بعد ٹارگٹ کلنگ نہایت بھیانک واردات ہے، پاک فوج اور امن و امان کے ذمہ دار ادارے بلوچستان میں مدتوں سے شناخت شدہ دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کیخلاف بلا تاخیر کارروائی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح بلوچستان میں بھی اگر دہشتگردوں کیخلاف بھر پور آپریشن کیا جاتا تو اسی صوبے میں اندوہناک سانحات بار بار پیش نہ آتے۔

علامہ محمد افضل حیدری نے افسوس کا اظہار کیا کہ میڈیا بعض واقعات میں دہشتگردی کا شکار ہونیوالوں کو شہید اور بعض کو ہلاک یا جاں بحق قرار دینے کا دوہرا معیار اپنائے ہوئے ہے، اسے ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رزقِ حلال کمانے کیلئے محنت مزدوری کرتے ہوئے دہشتگردی کا شکار افراد اگر شہید نہیں تو دیگر لوگ کس ضابطے کے تحت شہید ہیں؟ میڈیا اپنے دوہرے معیار کو ترک کرکے قومی ادارہ بنے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دہشتگردی کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کیلئے بلوچستان جائیں اور اس بھیانک واردات کی انکوائری کی خود نگرانی کرکے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنانے کی ہدایات جاری کریں۔
خبر کا کوڈ : 908081
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش