0
Tuesday 5 Jan 2021 18:10

سانحہ مچھ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، علامہ محمد حسین اکبر

ہم اپنے ہزارہ بھائیوں کے احتجاج میں ان کے شانہ بشانہ ہیں، سربراہ ٹی ایچ پی
سانحہ مچھ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، علامہ محمد حسین اکبر
اسلام ٹائمز۔ تحریک حسینیہ پاکستان کے سربراہ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کہا ہے کہ سرزمین کوئٹہ ایک مرتبہ پھر لہو لہو، اور ایک بار پھر انتہائی پُرامن ہزارہ قوم کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا ہے، یزیدیوں نے کربلا بپا کر دی، بیگناہ ہزارہ کان کن مزدوروں کی شہادت پر ہم اس وقت تک سراپا احتجاج ہیں جب تک قاتلوں کو سزا نہیں دی جاتی، اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ادارہ منہاج الحسینؑ میں علماء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہزارہ قوم جو اس وقت سراپا احتجاج ہے جب تک ان کے قاتلوں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا اور پس پردہ جو لوگ ہیں انہیں سامنے نہیں لایا جاتا ہمارا ان کے حق میں احتجاج جاری رہے گا۔ علامہ محمد حسین اکبر نے کہا کہ اس سانحہ کی ذمہ دار حکومت بلوچستان  ہے، جس نے نااہلی کا ثبوت دیا اس نااہل حکومت کو مستعفی ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کے وارثوں کیساتھ کھڑے ہیں، ان کے قاتل ان شاء اللہ بے نقاب ہوں گے اور کیفر کردار تک پہنچیں گے، ہمارا سوال ریاست سے یہ ہے کہ کیا یہ بھی واقعہ بغیر تحقیقات یا تحقیقات ہونے کے بعد سرد خانے میں ڈال دیا جائے گا اور ہمیں نہیں پتہ چلے گا کہ یہ کیا ہوا، میں مطالبہ کروں گا اپنی پوری قوم کی جانب سے کہ ہمیں مکمل تحقیقاتی رپورٹ چاہیے اور بتایا جائے کہ ان کے پیچھے کون ہے، اس کے پیچھے کون سے سیاسی عناصر ہیں، کیا محرکات ہیں، اس کے پیچھے کیا مقاصد ہیں، وہ ہم پر روشن کیا جائے اور ان خانوادوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ علامہ محمد حسین اکبر کا کہنا تھا کہ ان شہداء کے خاندانوں کی تاحیات حکومت کفالت کی ذمہ داری لے، بلوچستان میں دو طرح کے عناصر ہو سکتے ہیں ان پر خاص توجہ دی جائے، ایک وہ جو پاکستان دشمن عناصر ہیں، ایک وہ جو مسلمان دشمن عناصر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں کے شہداء کوئٹہ اور زائرین کی تفتیشی رپورٹیں قوم کے سامنے لائی جائیں اور ملزموں کو عدالتوں کے ذریعے قرار واقعی سرعام سزائیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر قومی سلامتی کیخلاف ایک دفعہ پھر متحرک ہو رہے ہیں، سانحہ کوئٹہ کے اصل حقائق سامنے لائے جائیں، پہلے سانحات اور قتل و غارت میں کالعدم جماعتوں کے ملوث افراد کو رہا نہ کیا جاتا تو یہ واقعات رونما نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں، عمائدین قوم اور آئمہ جمعہ و جماعت آنیوالے روز جمعہ کو یوم احتجاج کے طور پر منائیں۔
خبر کا کوڈ : 908151
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش