0
Tuesday 5 Jan 2021 11:37
چیئرمین پی ٹی وی کا یوٹرن

اپوزیشن کو نہ بلانے والی بات مذاق میں منہ سے نکل گئی تھی، نعیم بخاری

اپوزیشن کو نہ بلانے والی بات مذاق میں منہ سے نکل گئی تھی، نعیم بخاری
اسلام ٹائمز۔ پی ٹی وی کے  نئے چیئرمین نعیم بخاری نے اپوزیشن کو پی ٹی وی پروگرامز میں نہ بلانے کے اپنے بیان پر یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو نہ بلانے والی بات مذاق میں منہ سے نکل گئی تھی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات میں پی ٹی وی کے نئے چیئرمین نعیم بخاری سے کمیٹی ارکان نے سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔کمیٹی رکن نفیسہ شاہ نے سوال کیا کہ آپ کیا سرکاری ٹی وی پر صرف حکومتی ارکان کو ہی موقع دیں گے؟ کیا آپ اپوزیشن کو بھی مؤقف پیش کرنے کا پی ٹی وی پر موقع دیں گے؟۔ اس پر نعیم بخاری نے کہا کہ اپوزیشن کو نہ بلانے والی بات مذاق میں منہ سے نکل گئی تھی، اپوزیشن کو پی ٹی وی پر مؤقف دینے کا موقع دیں گے۔ نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ وہ بات کرتے ہیں تو پھر شکوہ کیا جاتا ہےکہ سخت بات کرتا ہوں، آپ سب سیاست دان ہیں، آپ خود دیکھ لیں کہ شام 7 سے رات 11 بجے تک تمام نجی نیوز چینلز پر صرف سیاست دکھائی جا رہی ہوتی ہے، ایک ہی چہرے تمام چینلز پر نظر آرہے ہوتے ہیں، عوام کے لیے نیا کیا ہوتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ریاست کا چینل ہے لہٰذا پی ٹی وی پروگرامز میں تبدیلی لائیں، اگلے ماہ سے پی ٹی وی پر نئی پروگرامنگ نظر آئے گی، اس کے لیے نظام نئی نسل کو منتقل کریں گے۔ نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ وہ پی ٹی وی کو سیدھی ڈگر پر لانے کے لیے 6 ماہ کے لیے اعزازی چیئرمین بنے ہیں، تنخواہ یا کوئی مراعات نہیں لے رہے جب کہ پی ٹی وی کے بھاری تنخواہوں والے اسٹاف کو بھی فوری ہٹا دیا ہے، ایم ڈی ساڑھے 21 لاکھ سے زائد تنخواہ لے رہے ہیں انہیں معطل کر دیا ہے، اب پی ٹی وی میں کسی اینکر کو ساڑھے 3 لاکھ سے زیادہ تنخواہ نہیں دیں گے، سفارش پر ہونے والی بھرتیاں روک دی ہیں، پی ٹی وی میں کچھ بھی غلط ہو ،وہ جوابدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی میں دوہری شہریت کے لوگ بھی موجود ہیں، ادارے میں تحقیقات کر رہے ہیں، فراڈ ثابت ہوا تو وہ خود ایف آئی اے یا نیب کو درخواست دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 908178
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش