0
Tuesday 5 Jan 2021 19:38

ایران، 1000 نئے سینٹریفیوجز کی تنصیب اور عنقریب ماہانہ 120 کلو 20 فیصد افزودہ یورینیم کا حصول

ایران، 1000 نئے سینٹریفیوجز کی تنصیب اور عنقریب ماہانہ 120 کلو 20 فیصد افزودہ یورینیم کا حصول
اسلام ٹائمز۔ ایران کے نائب صدر و ایرانی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ علی اکبر صالحی نے اسرائیلی ٹارگٹ کلنگ میں شہید ہونے والے ممتاز ایرانی جوہری سائنسدان محسن فخری زادہ کے چہلم کی مناسبت سے تہران کی جوہری تنصیبات "سائٹ شہید مجید شہریاری" پر منعقد ہونے والی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس سائٹ پر "شہید محسن فخری زادہ" کے نام سے بنائے جانے والے نئے جوہری ری ایکٹر میں IR2m طرز کے 1 ہزار نئے سنٹریفیوجز نصب کئے جائیں گے جبکہ تاحال 320 سنٹریفیوجز پر مشتمل 2 نیوکلیئر کیسکیڈ نصب کئے جا چکے ہیں۔ علی اکبر صالحی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں تصویب ہونے والے قانون کے مطابق ان شاء اللہ 2 ماہ یا اس کے کم عرصے کے اندر تمام نئے سنٹریفیوج نصب کر دیئے جائیں گے۔

ایرانی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ نے دوسرے فریقوں کی جانب سے جوہری معاہدے پر عدم عملدرآمد کے نتیجے میں ایران کے جوابی اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر متوقف شدہ 20 فیصد افزودگی، جس کے بارے خیال کیا جا رہا تھا کہ اب یہ صلاحیت مفقود ہو چکی ہے، 24 گھنٹوں کے اندر اندر بحال کر دی گئی ہے۔ علی اکبر صالحی نے پیشرفتہ ایرانی سنٹریفیوج کی تیاری بارے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے IR6 سنٹریفیوج کی تیاری بھی شروع کر رکھی ہے جس کے بارے منظور ہونے والے قانون میں کہا گیا ہے کہ 1 سال کے اندر اندر 1000 پیشرفتہ IR6 سنٹریفیوج تیار کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہم سے پارلیمنٹ نے مطالبہ کیا ہے، ان شاء اللہ مدنظر وقت کے اندر اندر یا شاید اس سے بھی قبل ہم وہ ہدف حاصل کر لیں گے جبکہ اس حوالے سے کوئی مشکل موجود نہیں۔

علی اکبر صالحی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ "شہید محسن فخری زادہ جوہری ری ایکٹر" کے لئے آئندہ 5 سال کی ضرورت کا ایٹمی ایندھن موجود ہے کہا کہ اس وقت ہم ہر 1 گھنٹے کے دوران 17 تا 20 گرام 20 فیصد افزودہ یورینیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت یہ مقدار ماہانہ 8 تا 9 کلو 20 فیصد افزودہ یورینیم کے قریب ہے جس کو جلد ہی منظور ہونے والے نئے قانون کے مطابق 120 کلو ماہانہ تک لے جائیں گے۔

واضح رہے کہ 2 نومبر 2020ء کے روز ایرانی پارلیمنٹ میں منظور ہونے والے قانون "پابندیوں کے خاتمے اور ایرانی قوم کے مفاد کے لئے تزویراتی اقدام" کے مطابق ایرانی جوہری توانائی تنظیم کو اس بات کا پابند بنایا گیا تھا کہ وہ اس قانون کی منظوری کے فورا بعد صلح آمیز مقاصد کے لئے 20 فیصد افزودہ یورینیم کی تیاری کے لئے اقدام کرے اور اس کی تیاری کو سالانہ 120 کلوگرام کی مقدار تک پہنچا کر ملک کے اندر ذخیرہ کرے۔ اس قانون کے مطابق ایرانی جوہری توانائی تنظیم پابند ہے کہ 3 ماہ کے اندر اندر IR2 طرز کے 1000 سنٹریفیوجز کی تنصیب، گیس انجکشن، افزودگی اور ذخیرے کا کام شروع اور ساتھ ہی ساتھ ایرانی سنٹریفیوج کی چھٹی نسل IR6 پر بھی اس طرز کے 146 سنٹریفیوجز کو نصب کر کے تحقیقاتی کام کا آغاز کر دے۔
 
خبر کا کوڈ : 908306
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش