0
Tuesday 5 Jan 2021 23:47

عمران خان نے نیا پاکستان قبرستان میں دفن کردیا، مقتول اسامہ کے والد کا بیان

عمران خان نے نیا پاکستان قبرستان میں دفن کردیا، مقتول اسامہ کے والد کا بیان
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد میں پولیس فائرنگ سے قتل ہونے والے نوجوان اسامہ ستی کے والد ندیم یونس ستی حکومت اور پولیس پر برس پڑے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ندیم یونس ستی کا کہنا تھا کہ یہاں نیا پاکستان نہیں، نیا قبرستان بن رہا ہے، عمران خان نے نیا پاکستان قبرستان میں دفن کردیا۔ ندیم یونس کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کا قتل پولیس کی غفلت نہیں، جان بوجھ کر ایسا کیا گیا، اگر پولیس والے تعاقب کر رہے تھے تو سامنے سے گولیاں کس نے ماریں؟۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے وعدہ کیا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج تحقیقات کریں گے۔

انکا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے ہمارا مطالبہ تسلیم نہیں کیا، ہم ان کی انکوائری کو تسلیم نہیں کرتے۔ مقتول نوجوان کے والد نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ کیس کی جلد از جلد تحقیقات کی جائیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ دنوں اسلام آباد میں اینٹی ٹیررازم اسکواڈ (اے ٹی ایس) کے اہلکاروں کی فائرنگ سے کار سوار نوجوان اسامہ ندیم جاں بحق ہوگیا تھا۔ ابتدائی طور پر پولیس نے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دیا تھا، بعد ازاں پانچ پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف انسداد دہشت گردی اور قتل کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ 
 
خبر کا کوڈ : 908353
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش