0
Wednesday 6 Jan 2021 20:10
لاہور کی مال روڈ لبیک یاحسینؑ لبیک یاحسینؑ کے نعروں سے گونج اٹھی

مظلوم ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور میں بھی دھرنا جاری

جب تک ہزارہ برادری کو انصاف نہیں مل جاتا، دھرنا ختم نہیں کرینگے، علامہ اسدی
مظلوم ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور میں بھی دھرنا جاری
اسلام ٹائمز۔ سانحہ مچھ کیخلاف اور کوئٹہ میں جاری دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور میں تاریخی مال روڈ پر مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کا احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ مظاہرین پہلے لاہور پریس کلب کے باہر جمع ہوئے، پھر ایک ریلی کی صورت میں گورنر ہاوس پہنچے، جہاں مظاہرین نے دھرنا دے دیا ہے۔ دھرنے کے باعث مال روڈ اور شاہراہ ایوان صنعت و تجارت بند کر دی گئی ہے۔ دھرنے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کر رہے ہیں جبکہ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات حسن رضا کاظمی، شیعہ شہریان کے سربراہ وقار الحسنین نقوی سمیت دیگر رہنماء اور قائدین بھی موجود ہیں۔ اس موقع پر کل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین مولانا عاصم مخدوم اور علماء و مشائخ کونسل کے صدر ڈاکٹر بدر منیر سیفی سمیت دیگر اہلسنت رہنماوں نے بھی دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کیلئے دھرنے کا دورہ کیا۔ دھرنے میں خواتین اور بچوں کی بھی کثیر تعداد شریک ہے۔ دھرنے کے شرکاء لبیک یاحسین کے نعرے لگا رہے ہیں۔

اس موقع ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ہزارہ بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دھرنے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہزارہ کمیونٹی کو انصاف نہیں مل جاتا اور سانحہ مچھ کے مجرم گرفتار نہیں ہوتے، ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان بنایا تھا، اسے بچانے میں بھی ہمارا خون صرف ہوا، مگر آج وہ لوگ پاکستان کے ٹھیکیدار بننے جا رہے ہیں جنہوں نے قیام پاکستان کی مخالفت کرتے ہوئے قائداعظم کو کافر اعظم کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ پر پاکستان کی سرزمین تنگ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، چند مٹھی بھر شرپسندوں نے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے، یہ جب چاہتے ہیں، جہاں چاہتے ہیں واردات کر دیتے ہیں اور ہمارے قانون نافذ کرنیوالے ادارے لکیر پیٹتے رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں سخت سردی میں کھلے آسمان تلے بیٹھے مظلوموں کی جب تک داد رسی نہیں ہوتی، ہم یہاں سے نہیں اٹھیں گے۔

ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی کا کہنا تھا کہ ہم ہر مظلوم کے حامی ہیں، خواہ وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو جبکہ ہم ہر ظالم  کے مخالف ہیں، خواہ وہ شیعہ ہی کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم خود آکر ان کی بات سنیں، مگر ایسی کیا مصروفیت ہے کہ وزیراعظم مظلوموں کیلئے وقت بھی نہیں نکال پا رہے؟؟ انہوں نے کہا کہ یوٹرن خان نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈر سے ہی سبق سیکھ لیں، جنہوں نے دہشتگردی کے واقعہ میں سیاہ لباس پہن کر مسلمانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت قربانیاں دے لیں، اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، ہم مزید لاشیں نہیں اُٹھا سکتے، حکومت کو ان شرپسندوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 908559
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش