0
Wednesday 6 Jan 2021 21:01

ملک میں امن کیلئے دہشتگردی کی 3 وجوہات کو ختم کرنا ہوگا، علامہ جواد نقوی

ملک میں امن کیلئے دہشتگردی کی 3 وجوہات کو ختم کرنا ہوگا، علامہ جواد نقوی
اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کا درخت قائم ہے، بس پتے گراتے ہیں اور درخت پر شاخیں دوبارہ ہری ہو جاتی ہیں، دہشتگردی کی پاکستان میں تین بنیادی جڑیں ہیں، جن کے باقاعدہ کھلے ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ثبوت موجود ہیں، ایک تکفیری گروہ ہے، جو دوسروں کو کافر قرار دیتے ہیں اور پھر ان کو قتل کر دیتے ہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اس سوچ کو نہیں بدلا گیا، بلکہ ووٹوں کیلئے تمام سیاسی جماعتوں نے تکفیروں سے تعلق بنایا ہوا ہے، ان کیخلاف کارروائی نہیں کرتے، کیونکہ ان سے ووٹ لینا ہوتے ہیں۔

علامہ جواد نقوی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں دہشتگردوں سے اتحاد کر لیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنہں طالبان کا باپ کہا جاتا تھا، سیکولر جماعت نے ان کیساتھ سیاسی اتحاد کر لیا تھا۔ یہ دہشتگردوں کی امداد کرتے ہیں، پہلے تکفیریوں کو 30 کروڑ روپیہ دیا، یہ دہشتگردی کیخلاف جنگ ہے؟؟ وہ نظریہ جو دیگر مسلمانوں کو واجب القتل قرار دیتا ہے، کے پی کے حکومت انہیں مالی امداد دیتی ہے۔ دہشتگردی کی دوسری جڑ سرکاری سرپرستی ہے، پاکستان کے خفیہ اداروں نے پاکستانی کی پارلیمنٹ کے ارکان کے 37 نام دیئے تھے جو دہشتگردوں کے سرپرست تھے، صرف پارلیمنٹ میں نہیں باقی سرکاری اداروں میں بھی دہشتگردوں کے سرپرست موجود ہیں۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ جب تک دہشتگردوں کی سرکاری حمایت ختم نہیں ہوتی، پاکستان سے دہشتگردی ختم نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا تیسرا فیکٹر عرب ممالک سے آنیوالا پیسہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک فون کال پر ہمارے حکمران سعودی عرب چلے جاتے ہیں، وہاں جا کر بیان دیتے ہیں سعودی عرب کیلئے ہماری جانیں حاضر ہیں، کیوں سعودی عرب کیلئے آپ کی جانیں فدا ہیں؟ سعودی عرب تو پوری دنیا میں بدامنی پھیلا رہا ہے، یہ عربی پیسہ پاکستان کی تباہی میں موثر کردار ادا کر رہا ہے۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ یہ تین بنیادیں ختم ہوں تو ملک سے دہشتگردی ختم ہو جائے گی۔ دہشتگردی کی فتویٰ ساز فیکٹریاں بند ہو گئیں تو دہشتگردی ختم ہو جائے گی، مگر ہم آپریشن ضرب عضب، ردالفساد اور وغیرہ وغیرہ کرتے رہیں گے مگر امن قائم نہیں ہو گا، امن کیلئے مذکورہ تین فیکٹر کو ختم کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 908562
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش