0
Thursday 7 Jan 2021 10:59

عمران خان جلد کوئٹہ جائیں گے

عمران خان جلد کوئٹہ جائیں گے
اسلام ٹائمز۔  بلوچستان کے علاقے مچھ میں 11 کان کنوں کے سفاکانہ قتل کے خلاف ہزارہ برادری مسلسل 5 ویں روز کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر میتیں رکھ کر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ وہیں ذرائع کے ذریعے ڈان کو معلوم ہوا ہے کہ ملک بھر میں ہونے والی تنقید اور کابینہ کے مختلف سینئر اراکین کے مشورے پر وزیراعظم عمران خان نے اہل تشیع ہزارہ برادری کے اراکین سے اظہار یکجہتی کے لیے جلد کوئٹہ کا دورہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے ایک سینئر رکن کا کہنا تھا کہ سکیورٹی وجوہات کے باعث وزیراعظم کے دورے کی تاریخ اور وقت کو خفیہ رکھا جا رہا ہے لیکن وزیراعظم بہت جلد ایک سرپرائز دورہ کریں گے۔ 11 کان کنوں کے سفاکانہ قتل کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کو دیکھنے والے ایک وزیر نے دعویٰ کیا کہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سمیت کابینہ کے مختلف اراکین نے دوران اجلاس وزیراعظم کو مشورہ دیا تھا کہ انہیں سوگواروں کے سکون کے لیے کوئٹہ کا دورہ کرنا چاہیے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وزیراعظم نے اب تک کیوں کوئٹہ کا دورہ نہیں کیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ سکیورٹی تحفظات تھے، تاہم وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کا خیال تھا کہ مظاہرین کے مطالبے پر ان کا دورہ ایک نئی مثال قائم کر سکتا ہے اور اگر کل کو ملک کے کسی حصے میں دہشت گرد حملہ ہوتا ہے تو وہاں کے لوگ بھی اسی طرح کا مطالبہ کریں گے کہ ہم متاثرین کی تدفین سے قبل وزیراعظم کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ گزشتہ روز وزیراعظم نے ایک ٹوئٹ میں ہزارہ خاندانوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ میں آپ کا درد بانٹتا ہوں اور غم کے ان لمحات میں اظہار یکجہتی کے لیے پہلے بھی آپ کے پاس آ چکا ہوں۔عمران خان نے کہا تھا کہ میں ہر خاندان سے ذاتی طور پر تعزیت اور دعا کے لیے بہت جلد دوبارہ آؤں گا، میں اپنے لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا، ازراہ کرم اپنے پیاروں کی تدفین کر دیں تاکہ ان کی روح کو سکون مل سکے۔
خبر کا کوڈ : 908652
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش