0
Thursday 7 Jan 2021 13:33

قوم کی مائیں بیٹیاں سڑک پر لاشیں رکھ کر بیٹھی ہیں، وزیراعظم کو توفیق نہیں انکے سر پر ہاتھ رکھیں، مریم نواز

قوم کی مائیں بیٹیاں سڑک پر لاشیں رکھ کر بیٹھی ہیں، وزیراعظم کو توفیق نہیں انکے سر پر ہاتھ رکھیں، مریم نواز
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم گھر کے باپ کی طرح ہوتا ہے، قوم کی مائیں بیٹیاں اس سردی میں سڑک پر لاشیں رکھ کر بیٹھی ہیں لیکن آپ کو اتنی توفیق نہیں ہوئی کہ جا کر ان کے سر پر ہاتھ رکھیں، مچھ واقعے میں شہید افراد کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے کوئٹہ روانگی سے قبل اپنی رہائش گاہ جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مچھ میں جو ہوا، وہ بہت ہی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، یہ ظلم ان کے ساتھ بہت دیر سے ہوتا آرہا ہے اور غریب کان کنوں کا بہیمانہ قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے پیاروں کی لاشیں سڑکوں پر رکھ کر بیٹھے ہوئے ہیں اور انتظار میں ہیں کہ حکومت سے کوئی جا کر ان کی داد رسی کرے یا ان کے سر ہر ہاتھ رکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مسئلے میں ان کے دکھوں کا مداوا نہیں ہوسکتا، لیکن ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، وزیراعظم گھر کے باپ کی طرح ہوتا ہے، میں اس پر سیاست نہیں کرنا چاہتی، کیونکہ میرے نزدیک یہ قومی سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ان کے دکھ میں شریک ہیں اور پوری قوم سوگوار ہے، لیکن افسوس صرف اس بات کا ہے کہ وزیراعظم کی کرسی پر چلیں آپ کو لا کر بٹھا دیا لیکن آپ کو اس قوم کا احساس نہیں ہے، وہ اپنی لاشیں پانچ چھ دن سے سڑک پر رکھ کر اس سردی میں بیٹھے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ قوم کی مائیں بیٹیاں اس سردی میں سڑک پر لاشیں رکھ کر بیٹھی ہیں لیکن آپ کو اتنی توفیق نہیں ہوئی کہ آپ جا کر ان کے سر پر ہاتھ رکھیں، جو وہاں جا کر معاملات اور بھی خراب کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنے خوف کو ایک طرف رکھ کر جھکنا چاہیئے، ہم سب کو خوف ہے، مجھے بھی سکیورٹی کلیئرنس نہیں مل رہی تھی لیکن پھر بھی میں نے سوچا کہ رہنماؤں کا فرض ہوتا ہے کہ جب قوم مشکل میں ہو تو وہ ان کے دکھوں کا مداوا نہ بھی کرسکے تو کم از کم ساتھ جا کر ضرور کھڑا ہو۔ مریم نواز نے کہا کہ میں یہ امید لے کر جا رہی ہوں کہ میں جا کر ان سے التجا کروں گی کہ اس سردی میں وہ کھلے آسمان کے نیچے اتنے دن سے بیٹھے ہیں تو ان سے استدعا کروں گی کہ اپنے پیاروں کو دفنائیں اور ان کی میتیں اللہ کے حوالے کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ ان شاء اللہ انہیں اس کا جلد انصاف ملے گا۔ نہوں نے کہا کہ مجھے نواز شریف صاحب نے ہی کہا کہ میں کوئٹہ جاؤں اور ان کا پیغام لے کر جا رہی ہوں۔

واضح رہے کہ 3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں مسلح افراد نے بندوق کے زور پر کمرے میں سونے والے 11 کان کنوں کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ اس واقعے سے متعلق سامنے آنے والی معلومات سے پتہ لگا تھا کہ ان مسلح افراد نے اہل تشیع ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے ان 11 کوئلہ کان کنوں کی آنکھوں پر پٹی باندھی، ان کے ہاتھوں کو باندھا، جس کے بعد انہیں قتل کیا گیا۔ مذکورہ واقعے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔ ادھر اس واقعے کے خلاف کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے مختلف مقامات پر مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی جانب سے احتجاجی دھرنے دوسرے روز بھی جاری ہیں۔
خبر کا کوڈ : 908689
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش