QR CodeQR Code

بلوچستان سمیت ملک بھر سے داعش کے ٹریننگ کیمپس کا خاتمہ ضروری ہے، علامہ مقصود ڈومکی

7 Jan 2021 14:47

سانحہ مچھ کیخلاف احتجاجی مظاہرے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم ترجمان نے کہا کہ سپاہ صحابہ، لشکر جھنگوی، طالبان کی صورت میں داعش کے سپوٹرز موجود ہیں لہذا ان دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کیا جائے تاکہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ہزارہ شیعہ نسل کشی گذشتہ دو دہائیوں سے جاری ہے مگر اس کے باوجود آج بھی بلوچستان کی سرزمین پر داعشی دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں جن کے خلاف فی الفور فوجی آپریشن کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ مچھ کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے جس طرح آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کے عنوان سے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کا آغاز کیا تھا اس آپریشن کو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوئٹہ کے مظلوم ہزارہ شیعہ وارثان شہداء کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ آپ اکیلے نہیں ہیں اس ملک کے کروڑوں عوام آپ کے درد کو اپنا گھر سمجھتے ہیں، آپ کی مظلومیت کا درد محسوس کرتے ہیں لہٰذا وہ ہر قدم پر آپ کا ساتھ دینے کے لئے آمادہ و تیار ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم ترجمان نے کہا کہ رات کی تاریکی میں بزدل دہشتگردوں نے یزید اور شمر کا کردار ادا کرتے ہوئے بے گناہ اور نہتے انسانوں پر حملہ کیا اور انہیں بڑی بے دردی کے ساتھ ہاتھ باندھ کر اور آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر جانوروں کی طرح ذبح کیا گیا، بین الاقوامی بد نام زمانہ دہشت گرد تنظیم داعش نے اس سانحے کی ذمہ داری قبول کر لی جو کہ حکومت اور ریاستی اداروں کے لئے لمحہ فکریہ ہے یہ بات واضح ہوگئی کہ ملک کے طول و عرض میں آج بھی بد نام زمانہ دہشت گرد تنظیم داعش کے حامی اور سپورٹرز موجود ہیں جو سپاہ صحابہ لشکر جھنگوی طالبان اور کالعدم اہلسنت و الجماعت کی صورت میں داعش کے سپوٹرز ہیں لہذا ان کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف آپریشن کیا جائے تاکہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر سے داعش کے ٹریننگ کیمپس کا فوری خاتمہ ضروری ہے۔


خبر کا کوڈ: 908708

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/908708/بلوچستان-سمیت-ملک-بھر-سے-داعش-کے-ٹریننگ-کیمپس-کا-خاتمہ-ضروری-ہے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org