QR CodeQR Code

یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر کمیونٹی کو تحفظ فراہم کرے لیکن ایسا بالکل نظر نہیں آ رہا، لیاقت بلوچ

7 Jan 2021 20:56

جماعت اسلامی کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر کمیونٹی کو تحفظ فراہم کرے لیکن ایسا بالکل نظر نہیں آ رہا۔ وفاق کی ناک کے نیچے نوجوان کو قتل کر دیا گیا، گلیوں، بازاروں، چوکوں اور چوراہوں میں معصوم لوگوں کا خون بہہ رہا ہے اور حکومت ہے کہ مکمل غیرسنجیدگی اور غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ 


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مچھ کے المناک حادثہ پر نہایت دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے اور وزیراعظم انتہائی سنگدلی کا ثبوت دے رہے ہیں۔ انھوں نے کوئٹہ دھرنا میں شریک رہنمائوں مولانا ہاشم موسوی، علامہ مقصود ڈومکی اور عبدالقیوم کاکڑ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انھیں یقین دلایا کہ جماعت اسلامی جاں بحق کان کنوں کے لواحقین کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور اس ظلم کے خلاف ہر سطح پر احتجاج ریکارڈ کروایا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں بھی جماعت اسلامی نے ہزارہ کمیونٹی کے خلاف دہشت گردی کے واقعات کی بھرپور مذمت کی ہے۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں لوگوں کے جان و مال کے تحفظ میں اب تک ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر کمیونٹی کو تحفظ فراہم کرے لیکن ایسا بالکل نظر نہیں آ رہا۔ وفاق کی ناک کے نیچے نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔ گلیوں بازاروں، چوکوں اور چوراہوں میں معصوم لوگوں کا خون بہہ رہا ہے اور حکومت ہے کہ مکمل غیرسنجیدگی اور غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام خوف اور ظلم کے سائے کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکمرانوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ان اسباب کا جائزہ لیتے ہوئے امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں۔


خبر کا کوڈ: 908763

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/908763/یہ-ریاست-کی-ذمہ-داری-ہے-کہ-ہر-کمیونٹی-کو-تحفظ-فراہم-کرے-لیکن-ایسا-بالکل-نظر-نہیں-آ-رہا-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org