0
Thursday 7 Jan 2021 23:24
شہید کمانڈرز کی دہشتگردانہ ٹارگٹ کلنگ

عراق، ڈونلڈ ٹرمپ کے وارنٹ گرفتاری جاری

عراق، ڈونلڈ ٹرمپ کے وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام ٹائمز۔ عراقی عدالت "القضاء فی الرصافۃ" نے اسلامی مزاحمتی محاذ کے کمانڈرز کی دہشتگردانہ ٹارگٹ کلنگ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ عراق کی سرکاری خبررساں ایجنسی واع نے خبر دی ہے کہ "تحقیق الرصافہ" عدالت کے خصوصی قاضی نے عراقی پینل کوڈ کی شق 406 کے تحت ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی، عراقی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس اور رفقاء کی ٹارگٹ کلنگ کے ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گرفتاری وارنٹ جاری کئے ہیں۔ عرب ای مجلے المعلومہ کے مطابق عراقی سپریم جوڈیشل کورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس جرم میں شریک دوسرے عراقی و غیر ملکی ملزمان کے حوالے سے تحقیقات جاری رہیں گی۔

واضح رہے کہ 3 جنوری 2020ء کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے براہ راست حکم پر عراق میں سفارت مشن پر موجود ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی، ان کے میزبان عراقی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس اور 8 رفقاء کو بغداد ایئرپورٹ سے نکلتے ہوئے ڈرون حملے میں شہید کر دیا گیا تھا۔ اس حوالے سے گذشتہ ماہ ایرانی سپریم کورٹ کی جانب سے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ساتھ امریکہ کے 35 سیاسی و فوجی اہلکاروں کے، اس دہشتگردانہ کارروائی میں براہ راست ملوث ہونے، اقدام قتل اور اس میں مدد فراہم کرنے کے جرم میں بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 908771
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش