0
Friday 8 Jan 2021 01:33

پوری قوم ہزارہ برادری کے ساتھ کھڑی ہے، مریم نواز کا کوئٹہ میں خطاب

پوری قوم ہزارہ برادری کے ساتھ کھڑی ہے، مریم نواز کا کوئٹہ میں خطاب
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سانحہ مچھ کےخلاف کوئٹہ میں جاری دھرنے میں پہنچ گئے۔ مچھ میں ہاتھ پیر باندھ کر قتل کیے گئے شہداء کے ورثا کا غم بانٹنے کیلئے مریم نواز نے میتوں کے ساتھ دھرنے پر بیٹھی خواتین کو گلے لگایا، بچیوں کے سر پر ہاتھ رکھا، بزرگوں کو دلاسہ دیا، غم بانٹا۔ نائب صدر (ن) لیگ مریم نواز نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ آپ کے پیارے آپ سے چھینے گئے، آپ پر جو قیامت ٹوٹی اس پر دلی تعزیت کرتی ہوں، پانچ دن سے دیکھ رہے ہیں،آپ کی تکلیف کا احساس ہے، جس پر گزرتی ہے وہی جانتا ہے، پوری قوم آپ کے غم میں شریک ہے۔

بلاول اور مریم نواز سانحہ مچھ کےخلاف کوئٹہ میں جاری دھرنے میں پہنچ گئے۔ مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے کہا کہ بےحسی، ناکامی کوآپ سیاست کہہ کر ٹال دیں یہ ہونے نہیں دیں گے، آپ کو یہاں آنا پڑے گا، یہ آپ سے کوئی بڑی چیز نہیں مانگ رہے، آپ تنقید کے ڈر سے نہیں آرہے، کوئی بات نہیں تھوڑی تنقید سن لیں۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ آپ کا فرض ہے ان کے غم میں شریک ہوں، ان کا دکھ بانٹیں، اقتدارکی کرسی پربیٹھےشخص کی بے حسی پر بے حد افسوس ہے، میں حکومت میں نہیں آپ کیلئے سوائے آواز اٹھانے کے کچھ نہیں کرسکتی، میں ایک ماں ہوں، بیٹی ہوں مجھے آپ کی تکلیف کا احساس ہے۔

مریم نے کہا کہ میں عمران خان سے کہتی ہوں آپ باپ ہیں، بہنوں کے بھائی ہیں، حکمران یہاں نہیں آتا تو قوم اسے کرسی پر بیٹھنے کی اجازت نہیں دے گی، ہم سے جو ہو سکے گا، ضرور کریں گے، کہتے ہیں ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، اس ماں نے حق ادا نہیں کیا، آپ ذمہ داری میں ناکام ہیں، یہ حادثہ پھر سے پیش آگیا ہے، آپ چل کر آئیں، ان کی داد رسی کریں، عمران خان سے کہنا چاہتی ہوں یہ لاشیں رکھ کر آپ کے منتظر ہیں، کیا ان لاشوں سے آپ کی انا بڑی ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے اپنا حق ادا کرے، آپ کے زخموں پر مرہم رکھے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بلوچستان کے علاقے مچھ میں مسلح افراد نے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 11 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، قتل ہونے والے تمام افراد کا تعلق ہزارہ برادری سے تھا جن کے لواحقین نے وزیراعظم کے پہنچنے تک لاشوں کی تدفین نہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
خبر کا کوڈ : 908790
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش