QR CodeQR Code

ہزارہ برادری کے لوگ محب وطن ہیں، پورا پاکستان ہزارہ بھائیوں کے ساتھ ہے، بلاول بھٹو زرداری

8 Jan 2021 02:06

کوئٹہ میں پی پی سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ کس قسم کا انصاف ہے کہ شناختی کارڈ دیکھ کر لوگوں کو قتل کر دیا جاتا ہے، نیشنل ایکشن پلان پرعمل کرنے کا کہا گیا تھا کہ دہشتگردی کاخاتمہ کریں گے، اگر آج بھی انتہا پسندی ہے تو مطلب ہے نیشنل ایکشن پلان پرعمل نہیں ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کا فرض ہے۔ سانحہ مچھ کے شہدا کے لواحقین سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افسوس ہے کہ ہم ایسے ملک میں  رہ رہے ہیں جہاں شہیدوں کیلئے بھی احتجاج کرنا پڑتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سانحہ مچھ کا واقعہ بہت افسوسناک اورقابل مذمت ہے،ہم یہاں ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئٹہ آتے ہیں خوشی نہیں دکھ میں شریک ہوتےہیں، پاکستان میں سب کچھ مہنگا لیکن صرف خون سستا ہے۔ چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ ہزارہ بھائیوں کا صرف ایک مطالبہ ہے کہ ہمیں جینےدو، میں بھی شہیدوں کے خاندان سےتعلق رکھتا ہوں،آپ کے دکھ کو سمجھ سکتا ہوں، آج تک ہم بھی اپنے شہیدوں کو انصاف نہیں دلا سکے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ کس قسم کا انصاف ہے کہ شناختی کارڈ دیکھ کر لوگوں کو قتل کر دیا جاتا ہے، ہزارہ برادری کے لوگ محب وطن ہیں، پورا پاکستان ہزارہ بھائیوں کے ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پرعمل کرنے کا کہا گیا تھا کہ دہشتگردی کاخاتمہ کریں گے، اگر آج بھی انتہا پسندی ہے تو مطلب ہے نیشنل ایکشن پلان پرعمل نہیں ہوا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ نہیں سننا چاہتے کہ بیرونی سازش ہے، ذوالفقار بھٹو اور بینظیر کیلئے انصاف کی بات نہیں کرتا، ان مزدوروں کو انصاف دو۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کی  نائب صدر مریم نواز اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرادری سانحہ مچھ کے لواحقین کے دھرنے میں پہنچے اور شہدا سے اظہار تعزیت کیا۔


خبر کا کوڈ: 908795

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/908795/ہزارہ-برادری-کے-لوگ-محب-وطن-ہیں-پورا-پاکستان-بھائیوں-ساتھ-ہے-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org