QR CodeQR Code

اندرونی خلفشار کیساتھ ساتھ اسلامی مزاحمتی محاذ کے ہزاروں میزائلوں کا خطرہ بھی لاحق ہے، صیہونی سکیورٹی

8 Jan 2021 03:32

غاصب صیہونی رژیم کے سکیورٹی ادارے (INSS) نے نئے سال کے حوالے سے جاری ہونیوالی اپنی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی اندرونی سیاسی صورتحال آئندہ سال مزید بدتر ہو جائیگی جسکے ساتھ ساتھ غاصب صیہونی رژیم کیجانب سے چھیڑی جانیوالی کسی بھی نئی جنگ کیصورت میں اُسے لبنان، شام، ایران اور یمن کیجانب سے نشانے کے عین اوپر مار کرنیوالے ہزاروں میزائلوں کا سامنا بھی کرنا پڑیگا۔


اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم کے سکیورٹی ادارے "مرکز برائے قومی سکیورٹی مطالعات" (INSS-Israel) نے نئے سال 2021ء کے حوالے سے جاری ہونے والی اپنی رپورٹ میں شدید اندرونی خلفشار اور متحدہ اسلامی مزاحمتی محاذ کی روز افزوں طاقت کے بارے خبردار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال کے دوران ابتر ہو جانے والی اسرائیل کی اندرونی سیاسی صورتحال آئندہ سال مزید بدتر ہو جائے گی جس کے ساتھ ساتھ غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے چھیڑی جانے والی کسی بھی نئی جنگ کی صورت میں اُسے لبنان، شام، ایران اور یمن کی جانب سے نشانے کے عین اوپر مار کرنے والے ہزاروں میزائلوں کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔

غاصب صیہونی رژیم کے سکیورٹی ادارے (Institute for National Security Studies) کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں گذشتہ سال کا جائزہ لیتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ سال 2020ء کے دوران اسرائیلی اندرونی سکیورٹی بُری طرح داؤ پر لگ چکی ہے جبکہ (امریکی یکطرفہ دستبرداری کے بعد) ایران کی جانب سے جوہری معاہدے کے ٹھکرا دیئے جانے کے سبب اب ایران جوہری طاقت کے حصول کے انتہائی قریب پہنچ چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایران پر اسرائیلی برتری کا گرتا رجحان یونہی جاری رہے گا جبکہ ایران اس وقت "میزائلوں کی انتہائی درستگی" کے پروگرام (Missile Precision Project) کو مزید آگے بڑھا رہا ہے۔ صیہونی ادارے نے لکھا کہ "ابراہم معاہدے" (غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ عرب ممالک کے دوستی معاہدوں) کے ذریعے مختلف ممالک کو واشنگٹن سے اعلی معیار کے اسلحے کی خریداری کی دی گئی اجازت بھی سال 2021ء کے چیلنجز میں سے ایک ہے۔

اس رپورٹ میں صیہونی فوج کی نااہلی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ اسرائیل میں پیش آنے والے سیاسی خلفشار کے ساتھ ساتھ اسرائیلی فوج بھی سالہا سال سے بغیر کسی خاص منصوبہ بندی کے صرف فوجی تربیت میں مشغول ہے جبکہ ہمیں چاہئے کہ ہم شام کے اندر ایران کی موجودگی کے خلاف اپنی کوششوں کو تیز کر دیں کیونکہ لبنان، شام، یمن اور ایران کے نشانے کے عین اوپر مار کرنے والے ہزاروں میزائل اسرائیل کے لئے ایک تزویراتی خطرہ ہیں۔ اس رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ اسرائیل کو کئی ایک محاذوں پر پیش آنے والی جنگ کے لئے تیار رہنا چاہئے تاہم جنگ سے بچنے کے لئے مسلسل سکیورٹی و سیاسی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے اپنے اہداف کے حصول کے لئے جنگ کے علاوہ کوئی اور رَستہ اختیار کرنا ہو گا۔ صیہونی سکیورٹی ادارے نے اپنی رپورٹ کے آخر میں سفارشات پیش کرتے ہوئے لکھا کہ سال 2021ء کے دوران اسرائیل کو چاہئے کہ وہ مصر، اردن اور فلسطینی حکومت کو علاقائی تعاون میں لانے کے لئے اقدامات اٹھائے اور (فلسطینی مزاحمتی فورس) حماس کو مزید طاقت کے حصول سے روکے۔


خبر کا کوڈ: 908800

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/908800/اندرونی-خلفشار-کیساتھ-ساتھ-اسلامی-مزاحمتی-محاذ-کے-ہزاروں-میزائلوں-کا-خطرہ-بھی-لاحق-ہے-صیہونی-سکیورٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org