QR CodeQR Code

مقتولین کی تعزیت کیلئے جانے کو بلیک میلنگ کہنا شرمناک ہے، محفوظ مشہدی

8 Jan 2021 18:58

جے یو پی کے رہنماء کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے حالیہ بیان سے واضح ہوگیا کہ عمران خان سیاستدان نہیں، اسٹیبلشمنٹ کی نرسری میں تیار ہونیوالا بونا رہنماء ہے، جسے قوم پر مسلط کیا گیا ہے، لگتا ہے کہ انہوں نے نشے کی حالت میں ایسا بیان دیا ہے، ہزارہ کمیونٹی پاکستان کا حصہ ہے اور دہشتگرد تنظیم داعش نے جس بے دردی کیساتھ انکے گیارہ مزدوروں کے گلے کاٹ کر قتل کیا ہے تو اس سے زیادہ افسوسناک واقعہ ہو نہیں سکتا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنماء اور مسلم لیگ نون کے پی پی 68 سے ٹکٹ ہولڈر پیر سید محفوظ مشہدی نے وزیراعظم کی ضد اور ہٹ دھرمی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شدید سردی میں بیٹھے ہزارہ برادری کے گیارہ مقتولین کی تعزیت کیلئے جانے کو بلیک میلنگ کہنا شرمناک ہے۔ وزیراعظم کے حالیہ بیان سے واضح ہوگیا کہ عمران خان سیاستدان نہیں، اسٹیبلشمنٹ کی نرسری میں تیار ہونیوالا بونا رہنماء ہے، جسے قوم پر مسلط کیا گیا ہے، لگتا ہے کہ انہوں نے نشے کی حالت میں ایسا بیان دیا ہے، ہزارہ کمیونٹی پاکستان کا حصہ ہے اور دہشت گرد تنظیم داعش نے جس بے دردی کیساتھ ان کے گیارہ مزدوروں کے گلے کاٹ کر قتل کیا ہے تو اس سے زیادہ افسوسناک واقعہ ہو نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہونے کے ناطے انہیں تسلی دینی چاہیئے، وزیراعظم کا ہزارہ برادری پر بلیک میلنگ کا الزام شہداء کے ورثاء کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ عمران خان کو خفیہ قوتیں کوئٹہ جانے سے منع کر رہی ہیں اور انہیں ڈرایا جا رہا ہے، عمران خان اگر انسان اور سیاستدان ہیں تو انہیں مقتولین کے ورثاء کے مطالبے کے بغیر ہی تعزیت کے لئے فوری کوئٹہ پہنچ جانا چاہیئے، مگر لگتا ہے کہ وزیراعظم میں کوئی انسانی ہمدردی ہے اور نہ ہی اسلامی اقدار کا انہیں کوئی خیال ہے، مغربی معاشرے میں پروان چڑھنے والے نیازی نے مغربی معاشرے سے سب کچھ سیکھ لیا، مگر انسانیت نہیں سیکھی۔


خبر کا کوڈ: 908915

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/908915/مقتولین-کی-تعزیت-کیلئے-جانے-کو-بلیک-میلنگ-کہنا-شرمناک-ہے-محفوظ-مشہدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org