QR CodeQR Code

ملتان، سانحہ مچھ کیخلاف دھرنا چوتھے روز میں داخل، مختلف جماعتوں کے قائدین کی شرکت، تعزیت کا اظہار

8 Jan 2021 20:22

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان جب اپوزیشن میں تھا، تب بھی کسی کے کہنے پر کوئٹہ گیا تھا اور اب بھی جب اُسے حکم ملے گا کوئٹہ جائے گا، وزیراعظم نے اپنے بیان سے کروڑوں لوگوں کا دل دکھایا ہے، میں عمران خان سے کہتا ہوں کہ اگر انسانیت باقی ہے تو فوری کوئٹہ پہنچو۔ 


اسلام ٹائمز۔ سانحہ مچھ کے خلاف تیسرے روز بھی دھرنا جاری رہا، دھرنے میں اظہار افسوس اور تعزیت کے لیے مختلف قومی و علاقائی جماعتوں کے قائدین نے وفود کے ساتھ شرکت کی۔ دھرنے میں مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنماء مخدوم جاوید ہاشمی، سرائیکستان قومی کونسل کے سربراہ ظہور احمد دھریجہ، سرائیکی پارٹی کے سربراہ ملک اللہ نواز وینس، سرائیکستان نوجوان تحریک کے سربراہ مظہر عباس کات، چرچ آف پاکستان کے رہنماء پادری نعیم جاوید، مسیحی رہنما جاوید رضا، دی میڈیا فائونڈیشن کے سربراہ خواجہ عزیز الحسن، آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنماء اشرف قریشی، پیپلزپارٹی کے رہنماء سلیم الرحمن میو، آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین خواجہ محمد شفیق نے اپنے اپنے وفود کے ہمراہ شرکت کی۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان جب اپوزیشن میں تھا، تب بھی کسی کے کہنے پر کوئٹہ گیا تھا اور اب بھی جب اُسے حکم ملے گا کوئٹہ جائے گا، وزیراعظم نے اپنے بیان سے کروڑوں لوگوں کا دل دکھایا ہے، میں عمران خان سے کہتا ہوں کہ اگر انسانیت باقی ہے تو فوری کوئٹہ پہنچو۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہزارہ برادری کا قصور یہی ہے کہ وہ پُرامن ہیں، حکومت اور ریاست ہوش کے ناخن لے اور ان دکھی افراد کا مداوا کرے، بصورت دیگر ملک میں آگ و خون کا کھیل شروع ہوگا، احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سرائیکی رہنماء ظہور احمد دھریجہ نے سانحہ مچھ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں انسانیت سوز واقعہ سے پوری دنیا غمزدہ ہے، لیکن بے حس حکمران اپنی ہٹ دھرمی اور بے شرمی کی وجہ سے ڈھیٹ بنے ہوئے ہیں، آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین خواجہ شفیق کا کہنا تھا کہ حکومت فی الفور دکھی افراد کا مداوا کرے اور غم کی اس گھڑی میں وزیراعظم کو کوئٹہ جانا چاہیئے، پادری نعیم جاوید نے بھی خطاب کرتے ہوئے واقعہ کی مذمت کی اور اسے انسانیت سوز قرار دیا۔ 


خبر کا کوڈ: 908935

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/908935/ملتان-سانحہ-مچھ-کیخلاف-دھرنا-چوتھے-روز-میں-داخل-مختلف-جماعتوں-کے-قائدین-کی-شرکت-تعزیت-کا-اظہار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org