QR CodeQR Code

وزیراعظم عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے بھی تیار نہیں، لیاقت بلوچ 

8 Jan 2021 20:58

شیعہ رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ عوام کی ہمدردیاں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، ہمیشہ کی طرح ملک میں فرقہ واریت کی آگ کو بھڑکنے نہیں دیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی اور سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی کے شہدا کے مظلوم لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کے خاندانوں کے ساتھ حکومت کا رویہ ظالمانہ، سفاکانہ اور دہشت گردوں کی سہولت کاری کا ہے، وزیراعظم مغرور اور ضدی کپتان ہیں، عمران خان کا اناڑی پن، غیرسیاسی، غیرانسانی اور بلاجواز ہٹ دھرمی کا رویہ قومی سلامتی کیلئے رسک بن گیا ہے، سیاسی، اقتصادی اور پارلیمانی ناکامیوں کی وجہ سے حکومت مسلسل حق حکمرانی کھو رہی ہے۔حکومت عوام کو جان مال اور عزت کا تحفظ دینے میں ناکام رہی ہے، وزیراعظم عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے بھی تیار نہیں، عوام کی ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، ہمیشہ کی طرح ملک میں فرقہ واریت کی آگ کو بھڑکنے نہیں دیا جائے گا۔ لیاقت بلوچ نے علامہ سید ساجد نقوی، علامہ ناصر عباس، علامہ عارف واحدی اور علامہ ثاقب اکبر سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مچھ واقعہ کے خلاف ملی یکجہتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جا رہا ہے۔تمام دینی اور محب وطن قوتیں اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں کے خلاف متحد ہیں۔ 

دریں اثنا لیاقت بلوچ نے لاہور اور فیصل آباد میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے معاشی اور سیاسی نظام کا شیرازہ بکھیر دیا ہے، عوام کے اندر مایوسی اور ناامیدی بڑھتی جارہی ہے، حکومت ڈلیور کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، وزیراعظم کہتے ہیں کہ انہیں تیاری کا موقع نہیں ملا، حکمران غرور اور تکبرمیں مبتلا ہیں اور کسی سے بات کرنے کو تیار نہیں، جماعت اسلامی ظلم و جبر کے اس استحصالی نظام کو بدلنے کی جدوجہد کررہی ہے، جب تک ملک میں قرآن و سنت کا پاکیزہ اور عادلانہ نظام نافذ نہیں ہوتا مسائل پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے عوام کو چہروں کی بجائے نظام کی تبدیلی کے لئے اٹھنا ہوگا۔74سال سے ملک پر مسلط ٹولے نے عوام کی پریشانیوں اور ملکی مسائل میں اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین نے فوج، عدلیہ، مقننہ اور سول بیوروکریسی اور عوامی حقوق کا دائرہ کار متعین کردیا ہے۔ آئین کی بالادستی نظام کو ٹھیک کرنے کی چابی اور بنیاد ہے۔ ملک میں سول حکومتیں اور مارشل لاز ناکام ہوئے۔


خبر کا کوڈ: 908942

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/908942/وزیراعظم-عوام-کے-زخموں-پر-مرہم-رکھنے-کیلئے-بھی-تیار-نہیں-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org