0
Wednesday 10 Aug 2011 22:51

علمائے کرام رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مذہبی منافرت کو ختم کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، سی سی پی او

علمائے کرام رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مذہبی منافرت کو ختم کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، سی سی پی او
لاہور:اسلام ٹائمز۔ کیپٹل سٹی پولیس چیف احمد رضا طاہر نے کہا ہے کہ علماءِ کرام رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مذہبی منافرت کو ختم کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ سی سی پی او لاہور نے علماء پر زور دیا ہے کہ وہ بھائی چارے اور رواداری کے فروغ کیلئے عوام کو زیادہ سے زیادہ اسلامی تعلیمات سے آگہی کی تلقین کریں۔ احمد رضا طاہر نے کہا کہ اسلام ہمیں اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور اگر تمام مسلمان حقیقی معنوں میں اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں تو دہشت گردی سمیت جرائم کے واقعات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ سی سی پی او نے کہا کہ لاہور پولیس کے جوانوں نے دہشت گردی اور جرائم کیخلاف جہاد میں نہ صرف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا بلکہ بہادری کی انمٹ مثالیں بھی پیش کی ہیں۔ وہ گزشتہ روز سی سی پی او آفس میں شیعہ علما ء کے 10 رکنی وفد سے بات چیت کر رہے تھے، جنہوں نے ان سے مجلسِ وحدت مسلمین کے رہنما الحاج حیدر علی مرزا کی سربراہی میں ملاقات کی۔
اس موقع پر ایس ایس پی ایڈمن طارق عباس قریشی اور ایس ایس پی ڈسپلن اینڈ انسپکشن شارق کمال جبکہ وفد کے ارکان میں الحاج حیدر علی مرزا، حسنین عارف، ابوذر مہدوی، احمد اقبال رضوی اور دیگر موجود تھے۔ سی سی پی او نے علماء سے گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ علماء کرام وطنِ عزیز میں مذہبی رواداری، بھائی چارے اور یگانگت کی مثالی فضا کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے اور دہشت گردی او رمنافرت کے خاتمے کیلئے حکومت سے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ 
سی سی پی او نے کہا کہ دہشت گرد اور جرائم پیشہ افراد انسانیت کے دشمن ہیں اور معصوم انسانوں کے جان و مال سے کھیلنے والوں کیلئے کوئی رعایت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کو بے نقاب کرنے اور کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے معاشرے کے تمام طبقوں خصوصاً علمائے کرام کو اپنا بھرپور کردا ر ادا کرنا ہو گا اور ہر محب وطن شہری کو ملک میں امن و امان اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے ہم آہنگی کا پیغام پہنچانا ہو گا۔
اُنہوں نے کہا کہ علماء کرام نے صوبائی دارالحکومت میں بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے فروغ کیلئے جو گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں وہ انتہائی قابلِ ستائش ہیں۔ اجلاس میں علماء کی جانب سے مذہبی رواداری کے فروغ کیلئے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر شیعہ علماء کرام کے وفد نے سی سی پی او احمد رضا طاہر کو یقین دلایا کہ وہ ملک کے استحکام اور دہشت گردی سمیت تمام سنگین جرائم کے خاتمے کیلئے پولیس سے بھرپور تعاون کریں گے اور تمام ایسے مذموم عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے جو ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 90896
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش