0
Saturday 9 Jan 2021 07:26
سانحہ مچھ حکمرانوں کے انسان ہونے کا امتحان ہے

وزیراعظم نے کروڑوں پاکستانیوں کا دل دکھایا اور دہشتگردوں کو خوش کیا ہے، علامہ امین شہیدی

جناب وزیراعظم صاحب، جس بچی کے سر سے باپ کا سایہ اٹھ گیا ہو، وہ بلیک میلر نہیں ہوتی
وزیراعظم نے کروڑوں پاکستانیوں کا دل دکھایا اور دہشتگردوں کو خوش کیا ہے، علامہ امین شہیدی
اسلام ٹائمز۔ امت واحدہ پاکستان کے رہنماء علامہ امین شہیدی نے ڈی چوک میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی سردی میں دھرنا دے کر مظاہرین نے کوئٹہ کے لواحقین سے انسانیت کا تعلق ہونے کا ثبوت پیش کیا، اس مظاہرے سے دنیا کو پتہ چل گیا کہ مظلوم کی مدد کو ہر کوئی نکلے گا، ظلم کے مقابلے میں ظالم نہیں بلکہ ہمیشہ مظلوم ہی اٹھتا ہے، یہاں دھرنے میں موجود ماؤں اور بہنوں کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں، مقصد بےحس حکمرانوں کے اندر انسانیت جگانا ہے، وزیراعظم نے آج وہ بات کی جس سے انسانیت کا سر شرم سے جھک گیا ہے، وزیراعظم نے وہ جملے ان شہداء کے لواحقین کے لیے استعمال کیے جن کا سب کچھ لٹ گیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ جناب وزیراعظم صاحب، جس بچی کے سر سے باپ کا سایہ اٹھ گیا ہو، وہ بلیک میلر نہیں ہوتی، گمراہ کرکے مشیروں نے عمران خان کے اندر ایسے الفاظ ڈال دیئے، اسی طرح کے الفاظ گذشتہ دنوں ایک مشیر بھی کوئٹہ میں بول کر آیا، گویا اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک کورا کاغذ ہیں اور کچھ نہیں، گذشتہ چھ دنوں میں حکومتی وزراء نے کتنے بیانات بدلے ہیں، سانحہ مچھ حکمرانوں کے انسان ہونے کا امتحان ہے، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے جب لواحقین کے سر پر شفقت کا ہاتھ پھیرا تو دنیا نے تعریف کی، وہ ایک عیسائی عورت تھی اور ریاست مدینہ کی دعوےدار نہیں تھی۔

انکا کہنا تھا کہ اگر مچھ میں سر قلم ہوتا ہے تو داعش سے پہلے وزیراعظم عمران خان ذمہ دار ہیں کیونکہ وہ حکمران ہیں، معاہدے پر اگر وزراء دستخط کریں گے تو ماضی کی طرح وہ بھی مکر جائیں گے، کوئٹہ سے ایک لاکھ لوگ ہجرت کرکے چلے گئے ہیں، کیا حکمرانوں کو اس پر شرم نہیں آتی؟، لواحقین کا ایک مطالبہ ہے کہ ریاست کا باپ ہمارے سر پر دست شفقت رکھے، وزیراعظم کے آج کے بیان نے کروڑوں پاکستانیوں کا دل دکھایا اور دہشت گردوں کو خوش کیا ہے، کیا یہ بھی ممکن نہیں کہ عمران خان گورنر ہاوس میں لواحقین کو بلا کر ان سے تعزیت کریں اور ان کا مطالبہ سنیں، وزیراعظم عمران خان کا مسئلہ صرف انا کا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان جیسا اپوزیشن میں تھا، ویسا ہی اقتدار میں بھی نظر آئے۔
 
علامہ امین شہیدی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اور پاکستانی شہریوں نے عمران خان کے تبدیلی کے ہدف کو دیکھ کر حمایت کی تھی، اگر عمران خان بھی اپنے وعدے پورے نہیں کریں گے تو ان کا نام بھی تاریخ کے جھوٹوں میں ہوگا، وزیراعظم عمران خان خود اپنا اور اپنی حکومت کا امیج خراب کر رہے ہیں، جب تک کوئٹہ کے لواحقین سڑک پر ہیں، ہم بھی اسلام آباد میں سڑک پر بیٹھے رہیں گے، جب تک انصاف نہیں ملتا ظلم کے خلاف میدان میں کھڑے رہیں گے اور کہیں نہیں جائیں گے، عمران خان کی اس بھونڈی بیان بازی سے کروڑوں دل آج دکھے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو اپنا بیان واپس لینا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 908980
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش