0
Saturday 9 Jan 2021 02:00

مذاکرات کامیاب، ہزارہ برادری کجانب سے دھرنا ختم کرنے اور میتوں کی تدفین کا اعلان

مذاکرات کامیاب، ہزارہ برادری کجانب سے دھرنا ختم کرنے اور میتوں کی تدفین کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ حکومت اور ہزارہ برادری کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد چھ روز سے دھرنے میں بیٹھے سانحہ مچھ کے متاثرین نے دھرنا ختم کرنے اور میتوں کی تدفین کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ شاہراہ پر گذشتہ چھ روز سے دھرنے میں بیٹھے سانحہ مچھ کے متاثرین سے مذاکرات کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کا ایک وفد پہنچا، جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وفاقی وزراء علی زیدی و زلفی بخاری، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور دیگر شامل تھے۔ وزیراعظم کی جانب سے بھیجے گئے وفد کے مظاہرین سے مذاکرات کامیاب ہوگئے اور ان کے درمیان تحریری معاہدہ طے پا گیا، مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے اور میتوں کی تدفین کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

اس حوالے سے بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ مظاہرین کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے، متاثرین میتوں کی تدفین آج ہی کر دیں گے۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ ہم نے شہداء کے ورثاء سے تحریری معاہدہ کیا ہے، ماضی میں کسی حکومت نے ان سے تحریری معاہدہ نہیں کیا، شہداء کے لواحقین میں جو بھی طالب علم ہیں، حکومت نے انہیں اسکالر شپ دینے کا فیصلہ کیا ہے، انہیں سرکاری ملازمتیں دی جائیں گی، ملک کے حالات خراب کرنے میں بیرونی طاقتیں ملوث ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین نے ہماری بات مان کر ہمیں اور بلوچستان کو عزت دی، شہداء کی میتوں کی تدفین کریں، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی جلد آپ سے آکر ملاقات کریں گے، جس نظام میں انصاف نہ ہو، اس میں برکت نہیں ہوتی اور یہاں شہداء کے ورثاء نے انصاف کے لیے احتجاج کیا، ہم چیزوں کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔

بعد ازاں شہداء کے لواحقین نے اسٹیج پر آکر دھرنا ختم کرنے اور میتوں کی تدفین کا اعلان کیا۔ اس ضمن میں دھرنے کی قیادت کرنے والے رہنماء آغا رضا نے کہا کہ شہداء ایکشن کمیٹی اور لواحقین کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ جیسے ہی لواحقین اپنی میتوں کی تدفین کریں گے، وزیراعظم کوئٹہ کے لیے روانہ ہو جائیں گے، ان کے ساتھ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی ہوں گے، جو لواحقین سے آکر اظہار تعزیت کریں گے۔ مجلس وحدت مسلمین نے شہداء ایکشن کمیٹی کے اعلان کے بعد کراچی، لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ ترجمان نے کہا ہے کہ ہم شہدائے مچھ کے لواحقین کے ساتھ کھڑے تھے، لواحقین شہدائے مچھ کمیٹی نے مذاکرات کی کامیابی کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں جاری دھرنوں کو ختم کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 909005
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش