0
Saturday 9 Jan 2021 18:57

سیاسی گدھ سانحہ مچھ پر مگرمچھ کے آنسو بہاتے رہے، فردوس عاشق اعوان

سیاسی گدھ سانحہ مچھ پر مگرمچھ کے آنسو بہاتے رہے، فردوس عاشق اعوان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف سرخرو ہوگی۔ پرویز الہیٰ نون لیگ کے اُگائے کانٹے چن رہے ہیں، مریم نواز کی موسیقی سننے کی ویڈیو سے قوم اندازہ لگا لے کہ ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور ہیں۔ لاہور کے فیلٹیز ہوٹل میں حکیم سعید فاونڈیشن کے زیراہتمام طلباء میں تعلیمی سکالر شپ کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عشق اعوان نے ایک بار پھر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جو وعدے کیے وہ پورے کیے، سیاسی گدھ سانحہ مچھ پر مگرمچھ کے آنسو بہاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں بھی دہشتگردی کے واقعات ہوئے، ظل سبحانی کی جعلی راجکماری کبھی ایسے افسوس کرنے نہیں گئی۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے قاتل شہیدوں کی صفوں پر بیٹھ کر اپنی سیاست کو زندہ کرنے گئے تھے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الہیٰ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے راستے سے کانٹوں کو چن رہے ہیں، نون لیگی اراکین اسمبلی نے سپیکر سے ملاقات میں اپنی لیڈرشپ کے بدبودار بیانئے سے خود کو الگ کر لیا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سابقہ حکومتیں اداروں کو کمزور کرنے میں مصروف رہیں، ہم اداروں کو مضبوط کر رہے ہیں، فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف خود کو سرنگوں کرے گی اور سرخرو ہوگی، مریم نواز کی موسیقی سننے والی ویڈیو پر انہوں نے کہا کہ ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکیم محمد سعید کے قاتلوں کو بھی کیفر کردار تک پہنچنا چاہیئے، عمران خان نے ہمیشہ ظالم کیخلاف آواز اٹھائی۔
خبر کا کوڈ : 909059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش