QR CodeQR Code

مچھ میں مزدوروں کا بیدردی سے قتل حکومتی نااہلی ہے، جماعت اسلامی

9 Jan 2021 16:55

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ مچھ بلوچستان میں کان کنوں کے محنت کشوں کا سفاکانہ قتل ظلم کی انتہا ہے، حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے محنت کشوں کو دیوار سے لگا دیا ہے، ملک میں مہنگائی و غربت کا راج ہے، مچھ بلوچستان میں کان کنوں کے محنت کشوں کا سفاکانہ قتل ظلم کی انتہا ہے، حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ثابت ہوئی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کے دوران کیا۔ این ایل ایف کے مرکزی صدر شمس الرحمن سواتی، نائب صدر ظفر احمد خان، جنرل سیکریٹری شاہد ایوب، ڈپٹی جنرل سیکریٹری طیب اعجاز اور سیکریٹری اطلاعات قاسم جمال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے سہ روزہ این ایل ایف کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تبدیلی کییلئے محنت کشوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے محنتی کشوں کیلئے زمین تنگ کر دی ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ مچھ میں مزدوروں کا بے دردی سے قتل حکومتی نااہلی اور ملک میں امن و امان کی خراب صورتحال کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایل ایف نظریاتی و اسلامی مزدور تحریک کا ایک اثاثہ ہے، این ایل ایف نے ہمیشہ پاکستان کی سالمیت اور نظریہ پاکستان کی جنگ لڑی ہے، جس نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے قومی اداروں پاکستان اسٹیل، پی آئی اے اور ریلوے کی نجکاری کے خلاف بھرپور صف بندی کی جائے، محنت کشوں کی بقاء اور اداروں کی سلامتی کیلئے احتجاج کیا جائے، ملک میں حقیقی تبدیلی جماعت اسلامی لائے گی۔


خبر کا کوڈ: 909138

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909138/مچھ-میں-مزدوروں-کا-بیدردی-سے-قتل-حکومتی-نااہلی-ہے-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org