0
Saturday 9 Jan 2021 19:00

وزیراعظم کو کوئٹہ میں پولیس دستے کی سلامی کی خبر درست نہیں، ڈاکٹر شہباز گل

وزیراعظم کو کوئٹہ میں پولیس دستے کی سلامی کی خبر درست نہیں، ڈاکٹر شہباز گل
اسلام ٹائمز۔ معاون خصوصی سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو کوئٹہ میں پولیس دستے کی سلامی کی خبر درست نہیں، سلامی دینے کی خبر درست نہیں، خبر دینے والے نمائندے کے خلاف ایکشن لیا جائے، وزیراعظم عام دنوں میں بھی ایسی چیزیں پسند نہیں کرتے اب تو لواحقین کو ملنے گئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو سلامی دینے کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے ٹویٹر پر خبر شیئر کی اور کہا کہ یہ خبر غلط ہے۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق معاون خصوصی نے کہا کہ جیو نیوز سے گزارش ہے کہ اپنے لوکل نمائندے کے خلاف ایکشن لیں، جس نے یہ غلط خبر فائل کی، پولیس کے دستے کی سلامی کی خبر جھوٹ پر مبنی ہے، وزیراعظم عام دنوں میں بھی ایسی چیزیں پسند نہیں کرتے اب تو لواحقین کو ملنے گئے ہوئے ہیں، براہ مہربانی جائز رپورٹنگ کی جائے۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان آج سانحہ مچھ کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیلئے کوئٹہ پہنچے ہیں، وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء بھی ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیراعظم عمران خان کی زیرصدات کوئٹہ میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں صورتحال کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس کے بعد وزیراعظم نے سانحہ مچھ کے لواحقین سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔

اس سے قبل حکومت اور سانحہ مچھ کے لواحقین کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد شہداء کی نماز جنازہ امام بارگاہ ولی عصر میں ادا کی گئی اور ہزارہ قبرستان میں شہداء کی تدفین کردی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی ، وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے بھی شرکت کی ، صوبائی حکومت کی طرف سے وزیر داخلہ ضیاء لانگو ، سلیم کھوسہ اور مبین خلجی بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے جب کہ عوام کی کثیر تعداد نے بھی شہداء کی نماز جنازہ ادا کی۔
خبر کا کوڈ : 909151
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش