QR CodeQR Code

عمران خان کا بلیک میلر والا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، علامہ افضل حیدری

9 Jan 2021 19:18

لاہور میں طلباء سے گفتگو میں وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کا منصب مہذب، باوقار لب و لہجہ اور سنجیدہ رویئے کا متقاضی ہوتا ہے، جسکا عمران خان نے اظہار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو الفاظ وزیراعظم نے ادا کئے، وہ انکے منصب کے شایان شان نہیں، وہ اب بھی کنٹینر کی تقریریں کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ہزارہ شہداء کے ورثاء کو بلیک میلر قرار دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا بیان غیر ذمہ دارانہ اور ان کے منصب کے منافی ہے، عمران خان کا اپنے سیاسی مخالفین اور حکومتی نا اہلی کے متاثرین غم زدگان کیلئے ایک جیسے الفاظ استعمال کرنا قابل مذمت ہے۔ لاہور میں طلباء سے گفتگو میں علامہ افضل حیدری نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کا منصب مہذب، باوقار لب و لہجہ اور سنجیدہ رویئے کا متقاضی ہوتا ہے، جس کا عمران خان نے اظہار نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ جو الفاظ وزیراعظم نے ادا کئے، وہ ان کے منصب کے شایان شان نہیں، وہ اب بھی کنٹینر کی تقریریں کر رہے ہیں، شیعہ ہزارہ ایک مہذب، تعلیم یافتہ اور امن پسند قوم ہے، جس نے بیک وقت 100 جنازے اُٹھا کر بھی اسلحہ اٹھایا اور نہ ہی کسی ذاتی اور سرکاری املاک کو ذرہ بھر نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان، سوگوار خاندانوں کے غم میں شریک ہونے کی بجائے انہیں بلیک میلر کہنا ان کے زخموں پر نمک پاشی ہے، جس کی عمران خان کو پوری پاکستانی قوم سے معذرت کرنی چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 909156

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909156/عمران-خان-کا-بلیک-میلر-والا-بیان-غیر-ذمہ-دارانہ-ہے-علامہ-افضل-حیدری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org