QR CodeQR Code

مچھ کے سانحے پر مراد علی شاہ اور ناصر حسین شاہ فسادات کرانے کی کوشش کرتے رہے، خرم شیر زمان

9 Jan 2021 19:20

اپنے بیان میں پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ نالائق اعلیٰ اور ان کی ٹیم سندھ کو لوٹنے میں مصروف ہے، پی ڈی ایم کی لولی پاپ لے کر وزیراعلیٰ سندھ صوبے کو فتح کرنے کی باتیں کررہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سانحہ مچھ پر سندھ کے وزیراعلیٰ اور وزیر بلدیات صوبے میں فسادات کرانے کی کوشش کرتے رہے، صوبے میں مہنگائی اور بدامنی کی ذمہ دار مراد سرکار ہے۔ یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل میں کہی۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ نالائق اعلیٰ اپنا کام کرنے کے بجائے پی ڈی ایم ترجمان بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں صوبہ سندھ روز کسی نہ کسی سانحے سے گزر رہا ہے، صوبائی حکومت وفاق دشمنی میں حواس باختہ ہوچکی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ نالائق اعلیٰ اور ان کی ٹیم سندھ کو لوٹنے میں مصروف ہے، پی ڈی ایم کی لولی پاپ لے کر وزیراعلیٰ سندھ صوبے کو فتح کرنے کی باتیں کررہے ہیں۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ صوبے میں مہنگائی اور بدامنی کی ذمہ دار یہی ’مراد سرکار‘ ہے، مچھ کے اندوہناک سانحے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ فسادات کرانے کی کوشش کرتے رہے، سانحے کو پیپلز پارٹی نے سیاست کے لئے استعمال کیا۔ واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں ہزارہ برداری سے تعلق رکھنے والے کان کنوں کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں ان کی اجتماعی تدفین کردی گئی ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ پہنچ کر ورثاء سے بھی ملاقات کی تھی۔


خبر کا کوڈ: 909158

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909158/مچھ-کے-سانحے-پر-مراد-علی-شاہ-اور-ناصر-حسین-فسادات-کرانے-کی-کوشش-کرتے-رہے-خرم-شیر-زمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org