0
Saturday 9 Jan 2021 23:14

سکردو، علماء و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں کا فوج مخالف نعرے سے اعلان لاتعلقی

سکردو، علماء و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں کا فوج مخالف نعرے سے اعلان لاتعلقی
اسلام ٹائمز۔ بلتستان کے علماء، مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے گزشتہ روز فوج مخالف نعرے سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز کے نعرے بازی کا عمل چند افراد کا ذاتی فعل تھا جس کی موقع پر ہی مذمت کی گئی اور ان کی سرزنش کی گئی۔ جاری کردہ مشترکہ بیان کے مطابق مجلس وحدت المسلمین کے رہنما و صوبائی وزیر محمد کاظم میثم نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف نعرے بازی ایک ناقابل برداشت حرکت تھی اور اس کی مذمت علمائے کرام اور معتبرین علاقہ نے فوری طور پہ کر دی جس سے یہ بات واضح ہو جاتی ہیکہ اس میں عوام نہیں بلکہ کچھ افراد کی ذاتی خواہش تھی۔ انجمن امامیہ سکردو کے صدر اور نامور عالم دین آغا باقر الحسینی نے کہا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، شہدائے مچھ کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی کے دوران ریاستی اداروں کے خلاف ہونے والی نعرہ بازی کی ہم بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور انجمن امامیہ کا اس نعرے سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ افراد نے یہ مذموم نعرہ لگایا تھا، ہم نے اُن کی فوری سرزنش کی، ہم اس نعرے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس نعرے سے لاتعلقی اور بیزاری کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔ ہمیں ملکی سالمیت کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کا ادارک ہے، ہر مشکل گھڑی میں پاک فوج نے ہی اس ملک کو سنبھالا ہے اور ہم پاک فوج کو ہی اپنا آخری سہارا سمجھتے ہیں ۔ نامور عالم دین شیخ جواد حافظی نے کہا کہ ہمیِں اپنی فوج پر فخر ہے۔ پاک فوج نے ہر مشکل وقت میں ملک کو سہارا دیا اور ہم فوج کو ہی اپنا سہارا سمجھتے ہیں، ہماری گلی محلوں میِں شہداء کی قبروں پر لگے قومی پرچم ہماری وفاداری کا مظہر ہیں۔ ہمیں اپنی فوج پر پورا بھروسہ ہے، سانحہ مچھ کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی میں ریاستی ادروں کے خلاف ہزہ سرائی ناقابل برداشت ہے۔ ہم اس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور ان نعروں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔
خبر کا کوڈ : 909192
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش