QR CodeQR Code

جے یو پی نے دہشتگردوں کیخلاف بلوچستان میں آپریشن کا مطالبہ کر دیا

10 Jan 2021 18:01

لاہور میں مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب میں پیر معصوم نقوی نے کہا کہ یہ دہشتگرد لشکر جھنگوی، طالبان اور داعش کیساتھ مل کر دہشتگردی کر رہے ہیں، یہ عناصر نہ صرف عید میلاد النبی اور محرم الحرام کے جلوسوں پر حملوں کے ذمہ دار ہیں بلکہ مزارات اولیاء اللہ کو بھی نشانہ بناتے رہے ہیں، داعش کیخلاف طالبان دہشتگردوں جیسا فوجی آپریشن کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ قائد اہلسنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی کی زیر صدارت مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بلوچستان جیسے حساس صوبے میں عالمی تکفیری ناصبی دہشتگرد گروہ داعش کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ طالبان کے خاتمے جیسا آپریشن بلوچستان میں بھی کیا شروع کیا جائے، جہاں بھارت اور افغانستان، گوادر پورٹ اور سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے آئے دن دہشتگردی کے واقعات کر رہے ہیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ افغانستان میں بھارتی سفارتخانے پاکستان میں دہشتگردی کی سرپرستی کر رہے ہیں، دراصل یہ وہی لوگ ہیں جو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کو کافر اعظم کہنے والوں کی فکر سے متاثر ہیں، یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ یہ دہشتگرد لشکر جھنگوی، طالبان اور داعش کیساتھ مل کر دہشتگردی کر رہے ہیں، یہ عناصر نہ صرف عید میلادالنبی اور محرم الحرام کے جلوسوں پر حملوں کے ذمہ دار ہیں بلکہ مزارات اولیاء اللہ کو بھی نشانہ بناتے رہے ہیں، داعش کیخلاف طالبان دہشتگردوں جیسا فوجی آپریشن کیا جائے۔ اجلاس میں پیر مصطفی اشرف رضوی،صاحبزادہ محی الدین محبوب کاظمی، ڈاکٹر امجد چشتی، پیر اختر رسول قادری، پیر غلام رسول اویسی، صاحبزادہ عقیل حیدر شاہ اور دیگر بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ہزارہ کے مظلوم بے گناہ معصوم مزدوروں کو بربریت کا نشانہ بنایا گیا۔ سانحہ مچھ میں گیارہ مزدوروں کے جس طرح گلے کاٹے گئے ہیں، اس افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کرکے مجرموں کو بے نقاب کیا جائے کہ کوئلے کی کان میں سکیورٹی ہونے کے باوجود کس طرح سے شناخت کرکے گیارہ مزدوروں کو علیحدہ کر لیا گیا اور بے دردی کیساتھ انہیں ذبح کر دیا گیا؟ جے یو پی کے اجلاس میں واضح کیا گیا کہ داعش کی شام اور عراق میں ناکامی کے بعد افغانستان میں اسرائیل اور ایک عرب ملک کی مدد سے تشکیل پانیوالی تنظیم کی امریکہ سرپرستی کر رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 909227

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909227/جے-یو-پی-نے-دہشتگردوں-کیخلاف-بلوچستان-میں-ا-پریشن-کا-مطالبہ-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org