QR CodeQR Code

دہشتگردی کیخلاف حکومت اور اپوزیشن کو مل کر اقدامات کرنا ہوں گے، چودھری سرور

10 Jan 2021 11:09

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونیوالی دہشت گردی میں غیر ملکی طاقتیں بھی ملوث ہیں، یہ بات عیاں ہے کہ بیرونی قوتیں پاکستان میں امن نہیں چاہتیں، دہشت گردی کے واقعات پر حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی کو فکر مند ہونا چاہیے اور انہیں مل کر دہشت گردی کیخلاف لائحہ عمل ترتیب دینا چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران حکومت اور اپوزیشن کو دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں مل بیٹھنے کا مشورہ دیدیا۔ چودھری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان میں ہونیوالی دہشت گردی میں غیر ملکی طاقتیں بھی ملوث ہیں، یہ بات عیاں ہے کہ بیرونی قوتیں پاکستان میں امن نہیں چاہتیں، دہشت گردی کے واقعات پر حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی کو فکر مند ہونا چاہیے اور انہیں مل کر دہشت گردی کیخلاف لائحہ عمل ترتیب دینا چاہیے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت اور ہزارہ کمیونٹی میں کامیاب مذاکرات ایک مثبت قدم ہے، بدقسمتی سے ہزارہ کیمونٹی مسلسل دہشت گردی کا نشانہ بن رہی ہے۔
 
گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت ایسے اقدامات کرے کہ دوبارہ دہشت گردی کے واقعات نہ ہوں۔ یاد رہے کہ گورنر پنجاب نے لاہور میں ایم ڈبلیو ایم کے دھرنے میں بھی شرکت کی تھی اور ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب نے وزیراعظم کو بھی تجویز دی تھی کہ وہ لازمی کوئٹہ جائیں اور ہزارہ کمیونٹی کا دکھ بانٹیں۔ مبصرین کے مطابق بدقسمتی سے پاکستان میں اپوزیشن کا رویہ ہمیشہ حکومت مخالف ہی رہا ہے، اگر کسی مسئلے کا بہتر حل اپوزیشن کے پاس ہو بھی تو حکومت کیساتھ شیئر نہیں کرتی کہ اس بہتری کا کریڈٹ حکومت لے جائے گی جس کا نقصان ملک اور قوم کو اٹھانا پڑتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 909236

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909236/دہشتگردی-کیخلاف-حکومت-اور-اپوزیشن-کو-مل-کر-اقدامات-کرنا-ہوں-گے-چودھری-سرور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org