QR CodeQR Code

سانحہ مچھ پر وزیراعظم کی ضد نے پوری قوم کے دل چھلنی کر دیئے، لیاقت بلوچ

10 Jan 2021 15:37

لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ شہدا کے لواحقین کے زخموں پر گہری ضرب لگا دی ہے، ریاست کی ذمہ داری عوام کی جان و مال اور عزت کی حفاظت ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کا خصوصی تعزیتی اجلاس پیر کو اڑھائی بجے اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کوئٹہ ہزارہ کمیونٹی کے بیگناہ محنت کش انسانوں کی ٹارگٹ کلنگ، قتل اور وحشت کی لرزہ خیر واردات پر وزیراعظم عمران خان نے ضد، انا، ہٹ دھرمی سے پوری قوم کے دل چھلنی کردیئے، شہدا کے لواحقین کے زخموں پر گہری ضرب لگا دی ہے، ریاست کی ذمہ داری عوام کی جان و مال اور عزت کی حفاظت ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کا خصوصی تعزیتی اجلاس پیر کو اڑھائی بجے اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے، سوشل میڈیا پر توہین رسالت کے مرتکب مجرموں کو کڑی سزا وقت کا تقاضا ہے، پاکستان اسلامی، نظریاتی ملک ہے، شعائر اسلام، عقیدہ ختم نبوت، انبیائے کرام ؐکی عصمت اور رسول اللہ کی عظمت کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کی بیخ کنی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، مغربی ممالک کے طرز پر اظہار رائے کا طرز عمل پاکستان میں نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کے نظام، اسلام کی حکمرانی کیلئے آئین پاکستان کو ہر محاذ پر بالادست کرنا قیام پاکستان کے مقاصد کا تقاضا ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ نئے سال کے آغاز کیساتھ مہنگائی، بیروزگاری مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم معیشت کی بہتری کے جھوٹے اعلانات کر رہے ہیں، گھی، چینی، گیس، دال، گندم کی قیمتیں بڑھتی جا رہی ہیں، ایل پی جی گھریلو استعمال کے سلنڈر کی قیمت میں بھی ہوشربا اضافہ ہوا ہے، مہنگائی، بے روزگاری کا بوجھ حکومتی اقتدار کا دم نکال دے گا۔


خبر کا کوڈ: 909303

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909303/سانحہ-مچھ-پر-وزیراعظم-کی-ضد-نے-پوری-قوم-کے-دل-چھلنی-کر-دیئے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org