QR CodeQR Code

سانحہ مچھ پر اظہار یکجہتی کرنیوالے اہلسنت بھائیوں کے شکرگزار ہیں، علامہ اسدی

لاہور، شہدائے مچھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعزیتی ریفرنس

تعزیتی ریفرنس میں مختلف مسالک کے علماء و مشائخ کی بھر پور شرکت

10 Jan 2021 18:16

ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی فرقہ وارانہ دہشتگردی کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس وقت تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف ایک پیج پر ہونا پڑے گا، بھارت اور اسرائیل ملک میں بدامنی کی سازشوں میں مصروف ہیں، لیکن ہمیں مل کر ان سازشوں کا ناکام بنانا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ سانحہ مچھ کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں تمام مسالک کے علماء نے شرکت کی اور سانحہ مچھ کے شہدا کیلئے تعزیت پیش کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے علمائے اہلسنت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنے کے حوالے سے علماء کا اہم کردار ہے، علماء نے تمام حساس معاملات میں ہمیشہ دانشمندی کا مظاہرہ کر کے دشمن کی سازش کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی فرقہ وارانہ دہشتگردی کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس وقت تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف ایک پیج پر ہونا پڑے گا، بھارت اور اسرائیل ملک میں بدامنی کی سازشوں میں مصروف ہیں، لیکن ہمیں مل کر ان سازشوں کا ناکام بنانا ہوگا۔

علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ شہدائے مچھ سے اظہار یکجہتی کیلئے جس طرح تمام مسالک کے علماء نے ہمارا ساتھ دیا، ہم ان کے اس احسن اقدام کو نہ صرف سراہتے ہیں بلکہ اپنے اہلسنت بھائیوں کے مشکور ہیں کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمن پر یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کیخلاف سازشوں سے باز رہیں ورنہ ان کو ہمیشہ کی طرح منہ کی کھانی پڑے گی۔ اس موقع پر علماء و مشائخ نے کہا کہ جو لوگ مذہب کو دوسرے انسانوں کے گلے کاٹنے کیلئے استعمال کرتے ہیں ان کا مذہب تو دور انسانیت سے بھی کوئی تعلق نہیں، ایسے افراد سے جانور بہتر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے مچھ کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیلئے صرف امت مسلمہ کے اکابرین ہی نہیں آئے بلکہ ہندو، سکھ اور دیگر مذاہب کے اکابرین و افراد بھی دھرنوں میں ہمارے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔

علماء کا کہنا تھا کہ طاغوتی طاقتیں ہم سب کو ایک دوسرے سے دور کرنے کیلئے کوشاں ہیں، اس وقت ہماری سب سے اہم ذمہ داری ہے کہ ہم آپس میں ایک ہونے کیلئے کام کریں۔ تعزیتی ریفرینس کے اس اعلیٰ سطحی نمائندہ اجلاس میں پیر معصوم شاہ نقوی، علامہ عاصم مخدوم، سید محمود غزنوی، ڈاکٹر امجد حسین چشتی، علامہ سید حسن رضا ہمدانی، علامہ مفتی عاشق حسین، ڈاکٹر مفتی شبیر انجم، پیر اختر رسول قادری، پیر  سلیم چشتی، محمد سہیل اور دیگر اکابرین نے اپنی جماعتوں اور اداروں کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی۔ علماء و مشائخ نے بین المسالک ہم آہنگی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کو کسی فورم پر کمزور نہیں ہونے دیں گے اور بین المذاہب و مسالک ہم آہنگی کیلئے سانحہ مچھ کو مد نظر رکھتے ہوئے اس نوعیت کے اجلاس کا سلسلہ جاری رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 909322

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909322/لاہور-شہدائے-مچھ-کو-خراج-عقیدت-پیش-کرنے-کیلئے-تعزیتی-ریفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org