0
Sunday 10 Jan 2021 19:14

جب تک ملک میں نظام مصطفے کا نفاذ نہیں ہوتا، حالات تبدیل نہیں ہوں گے، سراج الحق

جب تک ملک میں نظام مصطفے کا نفاذ نہیں ہوتا، حالات تبدیل نہیں ہوں گے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ڈھائی سالہ دور حکومت میں مایوسیوں اور اندھیروں میں اضافہ کیا، اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کی بجلی گرانے والوں نے پورے ملک کی بجلی بند کر دی، اداروں کو بے توقیر کرنے میں حکومت کا سب سے بڑا ہاتھ ہے، وزیراعظم کے بیانات جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں، سابقہ اور موجودہ حکومتیں ملک میں ہر طرح کے مسائل کی ذمہ دار ہیں، جب تک ملک میں نظام مصطفے ٰ کا نفاذ نہیں ہوتا، حالات تبدیل نہیں ہوں گے، جماعت اسلامی کی جدوجہد اس بوسیدہ نظام کو تبدیل کرنے کیلئے جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع لاہور کے اجتماع ارکان سے منصورہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، امیر ضلع ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کے آئے روز کے بیانات جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں، حکومت کی طرف سے اداروں کو بے توقیر کرنے کا سلسلہ جاری ہے، نئے پاکستان کے دعوے داروں نے ملک بھر میں نئے قبرستان بنانا شروع کر دیئے ہیں، اسلام آباد اور مچھ بلوچستان کے واقعات کی تحقیقات کرا کر قاتلوں کو قوم کے سامنے لایا جائے۔ انہوں نے ملک میں مافیاز کے کنٹرول کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مافیاز کو ختم کرنے کے دعویدار وزیراعظم آج انہی کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، شاید پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے، جس میں آدھی درجن مافیا نا صرف فیصلوں پر اثر انداز ہوتا ہے بلکہ عملی طور پر حکومتی امور سرانجام دے رہا ہے، پہلے چینی برآمد کرنے پر 27 ملین ڈالر پھر درآمد پر 96 ملین ڈالر کمائے گئے، گندم پیدا کرنیوالے ملک نے گندم درآمد کی 229 ملین ڈالر کمائے گئے، وزیراعظم بتائیں کہ یہ فائدہ ملک کو حاصل ہوا یا مافیاز نے اربوں روپے کا فائدہ اٹھایا؟۔

انہوں نے کہا کہ مدینہ کی اسلامی ریاست کے دعویدار گزشتہ عرصہ میں ایک قدم بھی اس طرف نہیں اُٹھا سکے، بلکہ حالات بد سے بدترین کی طرف بڑھ رہے ہیں، ملک بری طرح سیاسی گرداب میں پھنس چکا ہے، حکومت کے اقدامات خود اس کی سیاسی کشتی کو ڈبونے کی طرف لے جا رہے ہیں، اس حقیقت سے انکار کرنا ممکن نہیں کہ آئی ایم ایف عملی طور پر ملک کی پالیسیوں اور مسائل پر قابض ہے، سودی نظام کے ہوتے ہوئے ملک کو مسائل سے چھٹکارا دلانا عملی طور پر ممکن نہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت سود کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے خود داری کی پالیسی کے ساتھ اپنا پہلا قدم اٹھائے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف تحریک کو مزید تیز کریں گے۔ لاہور حکومت مخالف تحریک میں بڑا کردار ادا کرے گا، 31 جنوری کو سرگودہا میں جلسہ عام کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 909327
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش