0
Sunday 10 Jan 2021 19:34

ایسا کہیں نہیں ہوتا کہ وزیر اعظم میتوں سے انتقام لینے کیلئے ڈٹ جائے، سعدیہ دانش

ایسا کہیں نہیں ہوتا کہ وزیر اعظم میتوں سے انتقام لینے کیلئے ڈٹ جائے، سعدیہ دانش
اسلام ٹائمز۔ رکن گلگت بلتستان اسمبلی و سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ ایسا کسی ملک میں نہیں ہوتا کہ وزیر اعظم میتوں سے انتقام لینے کیلئے ڈٹ جائے۔ ایسا کسی ملک میں نہیں ہوتا کہ سر کٹی لاشوں کے دھرنے کو چھوڑ کر وزیر اعظم فلمی دنیا کے ستاروں سے ملاقاتیں کرتا پھرے۔ ایسا کسی ملک میں نہیں ہوتا کہ وزیر اعظم کے نمائندے مظلوم مقتولین کے ورثاء سے فیور مانگیں اور اپنے فائدے کی باتیں کریں۔ مدینہ کی ریاست کے دعویدار حاکم وقت بیہمانہ قتل ہونے والوں پر اپنے عہدے اور کرسی کا دھونس جماتا رہا ہے۔ مہذب دنیا ایسی حرکت پر شرم سے ڈوب جاتی مگر عمران خان نے مظلوم لواحقین کو بلیک میلرز قرار دیکر گیارہ لاشوں کو شکست دیکر اپنی انا کی تکمیل اور تسکین دلانے میں کامیاب ہو گئے۔

اپنے ایک بیان میں رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی مدینہ کی ریاست کی مثالیں زبانی حد تک ہیں جبکہ مدینہ کی ریاست میں دریائے فرات کے کنارے بھوکا مرنے والا کتے کا زمہ دار حکمران تھا مگر عمرانی حکومت میں مظلوم و معصوم مزدور جن کو کان کے اندر سے اغوا کر کے باقاعدہ شناخت کرکے بیہمانہ قتل کیا گیا وہ بلیک میلرز ہیں۔ انسانی حس نام کی کوئی چیز موجودہ حکومت میں نہیں ہے۔ اپنے ارد گرد چند اپنے جیسے انسانیت کے جذبے سے عاری قصیدہ خوانوں کی فوج کے ذریعے جھوٹی وضاحتیں سنا کر بدمست ہیں۔ عمران خان اب بھی حکومت کو پھولوں کا بستر سمجھ کر بیٹھے ہیں اور اس بات سے بے خبر ہے کہ 22 کروڑ عوام کی زمہ داری ان پر ہے لیکن وہ اب عہدہ انجوائے کرنے اور سلیکٹرز کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ کوئٹہ ہزارہ برادری سے ملاقات کے دوران بھی عمران خان کے لہجے سے رعونت ٹپک رہی تھی اور بجائے خود ان کے پاس جانے کے انکو اپنے پاس بلوایا یہ کسی بھی انسانیت کے جذبے سے عاری انسان کی ہٹ دھرمی کی انتہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 909330
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش