0
Sunday 10 Jan 2021 19:51

گلگت بلتستان کے عوام کو جائز حق دلانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرینگے، عبدالرشید ترابی

گلگت بلتستان کے عوام کو جائز حق دلانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرینگے، عبدالرشید ترابی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے جائز حقوق دلوانے میں ہم اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ہم نے ہر فورم میں گلگت بلتستان کے عوام کی مشکلات کو دور کروانے کے لیے آواز بلند کی ہے، جماعت اسلامی نے اپنے تنظیمی ڈھانچے میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو ایک یونٹ بنا کر مثال قائم کی ہے۔ بدلتے حالات میں باہمی روابط کو فروغ دے کر غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جا سکتا  ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کشمیر ہاؤس میں گلگت پریس کلب کے وفد کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفود اور تبادلہ خیالات سے فاصلے کم ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کے مسائل سمجھنے اور ان کے حل کے لیے متفقہ راہیں تلاش کی جاسکتی ہیں۔ اس موقع پر آزادکشمیر بزنس فورم کے صدر عمران عزیز اور پریس کلب باغ کے سابق صدر سید افراز گردیز ی بھی موجود تھے۔

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے بھی گلگت بلتستان کے قائدین کا اہم کردار رہا ہے۔ موجودہ حالات میں سیاسی قیادت اور میڈیا کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں، سب کو مل کر بیرونی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا۔ انتشار پھیلانے والے عناصر بدگمانیاں پیدا کرتے ہیں، جب کہ باہم ملنے سے بدگمانیوں کو کم یا ختم کیا جاسکتا ہے۔ وفد کے شرکاء نے کشمیر کی موجود ہ صورت حال اور گلگت بلتستان کے حقوق کے حوالے سے سوالات کیے، جس پر عبدالرشید ترابی نے اپنی جماعت اور آزاد کشمیر اسمبلی میں اپنے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو قریب لانے کے لیے مشترکہ سیٹ اپ لانے کی تجاویز بھی دی تھیں۔ پریس کلب باغ کے صدر نے عبدالرشید ترابی اور وفد کے سربراہ وجاہت خان اور پریس سیکرٹری وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ وسیم کو پریس کلب کا ترجمان میگزین باغبان بھی پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 909332
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش