QR CodeQR Code

نواز شریف عمران خان کی حکومت 5 سال پورے ہونے کی شرط پر بیرون ملک گئے، حافظ حسین احمد

10 Jan 2021 23:21

نجی ٹی وی کے مطابق حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی بیرونِ ملک روانگی سے قبل صحت کے حوالے سے ڈرامہ تیار کیا گیا، جسکے بعد چند قوتوں نے نواز شریف کو اس شرط پر جانے کی اجازت دی کہ وہ حکومت کو مدت پوری کرنے دینگے۔ 


اسلام ٹائمز۔ جمیعت علماء اسلام پاکستان کے رہنما حافظ حسین احمد نے نواز شریف کی بیرونِ ملک روانگی سے متعلق نیا پینڈورا باکس کھول دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق حافظ حسین احمد نے انکشاف کیا کہ نواز شریف تحریک انصاف اور عمران خان کی حکومت پانچ سال پورے ہونے کی شرط پر بیرون ملک گئے۔ حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ 2019ء آزادی مارچ میں اپوزیشن کی 2 جماعتوں نے جے یو آئی کو اپنے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کیا، اسی مارچ کی وجہ سے نواز شریف لندن پہنچے۔ اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی بیرونِ ملک روانگی سے قبل صحت کے حوالے سے ڈرامہ تیار کیا گیا، جس کے بعد چند قوتوں نے نواز شریف کو اس شرط پر جانے کی اجازت دی کہ وہ حکومت کو مدت پوری کرنے دیں گے۔ 

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ کو حکومت مخالف تحریک میں ناکامی کا سامنا ہے، جس کا ازالہ کرنے کے لیے انہوں نے سانحہ مچھ پر مگر مچھ کے آنسو بہائے۔ حافط حسین احمد کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی برطرفی اور لواحقین کے مؤقف میں نرمی پی ڈی ایم کی وجہ سے ہی آئی۔ اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف اور آرمی چیف کی توسیع میں قانون کے حق میں ووٹ دیا، اب استعفوں کے فیصلے پر یوٹرن کے بعد ضمنی اور سینیٹ الیکشن  میں پی ڈی ایم سہولت کار کا کام انجام دے رہی ہے۔ حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے 20 ستمبر اجلاس کے فیصلوں کو بلاول نے ویٹو کیا اور تمام جماعتوں کو اپنا فیصلہ ماننے پر مجبور کیا، موجودہ حالات میں نام نہاد جمہوریت نوازی کی بلی تھیلے سے باہر آچکی ہے، جن خدشات کا اظہار ہم نے کیا تھا، وہ حرف بہ حرف پورے ہوچکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 909359

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909359/نواز-شریف-عمران-خان-کی-حکومت-5-سال-پورے-ہونے-شرط-پر-بیرون-ملک-گئے-حافظ-حسین-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org