QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی نے اُن علاقوں میں بھی اربوں روپے لگائے جہاں سے اُسے ووٹ نہیں ملے، ناصر حسین شاہ

10 Jan 2021 23:26

کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے معائنے کے دوران وزیر اطلاعت سندھ نے کہا کہ محمودآباد کے نالے کے دونوں اطراف تجاوزات کا خاتمہ کیا ہے، جنہیں ہٹایا جائے گا، انہیں 2 سال کا کرایہ دیا جائے گا، ان نالوں کے ساتھ رہنے والوں کی زندگیوں کو بھی خطرہ تھا، نالوں پر قابضین کے حکم امتناع لینے کی وجہ سے رکاوٹیں آتی تھیں،


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اُن علاقوں میں بھی اربوں روپے کے کام کروائے جہاں سے اُسے ووٹ نہیں ملے۔ صوبائی وزیر نے کمشنر کراچی کے ہمراہ محمود آباد کا دورہ کیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ انکروچمنٹ اور نالوں کی صفائی اس لئے کروائی جارہی ہے کہ شہر میں بارش کا پانی جمع نہ ہو، اس معاملے پر وفاق اور صوبائی حکومت ایک پیج پر ہیں۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ محمودآباد کے نالے کے دونوں اطراف تجاوزات کا خاتمہ کیا ہے، جنہیں ہٹایا جائے گا، انہیں 2 سال کا کرایہ دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران جن کے گھر ہٹائے جائیں گے انہیں متبادل جگہ اور 2 سال کا کرایہ دیں گے۔ صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ جن کے گھر گرائے جارہے ہیں ان کے اکاؤنٹ میں کرائے کی رقم جمع کروائی جائے گی، ان نالوں کے ساتھ رہنے والوں کی زندگیوں کو بھی خطرہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ نالوں پر قابضین کے حکم امتناع لینے کی وجہ سے رکاوٹیں آتی تھیں، ہمیں نالوں کی صفائی پر کروڑوں روپے دینے پر تحفظات تھے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) اپنے پیروں پر کھڑی ہوجائے، پہلے مرحلے میں سافٹ انکروچمنٹ ہٹائی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 909360

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909360/پیپلز-پارٹی-نے-ا-ن-علاقوں-میں-بھی-اربوں-روپے-لگائے-جہاں-سے-ا-سے-ووٹ-نہیں-ملے-ناصر-حسین-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org