0
Thursday 11 Aug 2011 00:12

ق لیگ نے چوہدری پرویز الٰہی کو نائب وزیراعظم بنانے کا مطالبہ کر دیا

ق لیگ نے چوہدری پرویز الٰہی کو نائب وزیراعظم بنانے کا مطالبہ کر دیا
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ق) نے سینئر وفاقی وزیر چوہدری پرویز الٰہی کو نائب وزیراعظم بنانے کا باضابطہ مطالبہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بدھ کو ہونے والی ملاقات میں پارٹی کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو یاد دہانی کرائی کہ نائب وزیراعظم کا عہدہ مخلوط حکومت میں شمولیت کی پہلی شرط تھی، جو حالات کے تناظر میں مسلم لیگ (ق) نے حکومت میں شمولیت کے وقت اپنے اس مطالبے کو عارضی طور پر موخر کر دیا تھا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ چوہدری شجاعت حسین نے صدر زرداری کو حکومت میں شمولیت کے موقع پر مسلم لیگ (ق) سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرنے کے لئے کہا۔ ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے صدر مملکت کو آگاہ کیا کہ حکومت میں شمولیت پارٹی کا اجتماعی فیصلہ تھا جو کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے کئے گئے وعدوں کی بنیاد پر کیا گیا تھا، لہٰذا وعدوں کے پورا نہ ہونے کی صورت میں مسلم لیگ(ق) میں اضطراب کی کیفیت پائی جاتی ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے صدر آصف علی زرداری پر واضح کیا کہ ان کی جماعت مسلم لیگ (ق) پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ اتحاد کا دارومدار باہمی اعتماد پر ہے، جس کی ساکھ کو کئے گئے وعدے پورے نہ ہونے کی صورت میں نقصان پہنچ سکتا ہے۔ دریں اثناء ایوان صدر کے ذرائع نے بتایا کہ صدر زرداری نے مسلم لیگ (ق) کی قیادت کو یقین دلایا کہ باہمی اعتماد کو برقرار رکھنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی، صدر زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی مفاہمت کی پالیسی کو جاری رکھے گی، خواہ اس کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی پیش کرنی پڑے، کئے گئے وعدوں کے بارے میں صدر زرداری نے (ق) لیگ کی قیادت کو بتایا کہ باقی اتحادیوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے وہ اپنے تمام وعدے پورے کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 90942
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش