0
Monday 11 Jan 2021 14:06

ٹرمپ کو اقتدار سے کیسے نکالا جائے؟ اسپیکر نے منصوبہ سامنے رکھ دیا

ٹرمپ کو اقتدار سے کیسے نکالا جائے؟ اسپیکر نے منصوبہ سامنے رکھ دیا
اسلام ٹائمز۔ ڈیمو کریٹس نے امریکی صدر ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے اپنے پلان کو حتمی شکل دے دی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے امریکی صدر ٹرمپ کو اقتدار سے نکالنے کا حتمی پلان قانون سازوں کے سامنے رکھ دیا جس کے تحت مواخذے سے پہلے ہی ٹرمپ کو صدارتی آفس سے نکالنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسپیکر نینسی پلوسی کے منصوبے کے مطابق ایوان نمائندگان میں ایک قرارداد پر ووٹنگ کی جائے گی جس کے ذریعے امریکی نائب صدر مائیک پینس سے ٹرمپ کو اقتدار سے نکالنے کا مطالبہ کیا جائے گا جب کہ اس طریقہ کار کے ناکام ہونے کی صورت میں ڈیموکریٹس ارکان کیپیٹل ہل حملے میں ٹرمپ کے متنازع کردار پر ایک چارج شیٹ پیش کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹس ارکان کی جانب سے اس منصوبے پر عمل پیر کے روز ہی کیے جانے کا امکان ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپیکر نینسی پلوسی نے اتوار کے روز قانون سازوں کو خط ارسال کیے جس میں انہوں نے 25 ویں ترمیم کے ذریعے قرارداد کے تحت نائب صدر سے امریکی صدر کو ہٹانے کی باضابطہ درخواست کرنے کے منصوبہ سے آگاہ کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ قراردار امریکی نائب صدر مائیک پینس کو یہ اختیارات سونپے گی جس کے تحت وہ ٹرمپ کو ہٹا کر خود قائم مقام صدر بن سکتے ہیں۔ نینسی پلوسی نے اپنے خط میں کہا کہ ٹرمپ کو ہٹانے کے لیے یہ پہلا قدم ہو گا جس کے بعد ایوان میں ڈیموکریٹس ارکان مواخذے کی تحریک پر کارروائی شروع کریں گے۔ نینسی پلوسی نے کہا کہ امریکی آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے ہم اس منصوبے پر فوری عمل کریں گے کیونکہ امریکی صدر کے دفتر میں ٹرمپ کی موجودگی امریکا اور جمہوریت کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔ واضح رہے کہ 7 جنوری کو امریکی صدر ٹرمپ کے حامیوں نے انتخابات میں شکست پر امریکی پارلیمنٹ کی عمارت پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوئے جب کہ امریکی صدر نے اس عمل پر اپنے حامیوں کی حوصلہ افزائی کی جس کے بعد ٹوئٹر نے ان کا ذاتی اکاؤنٹ بھی مستقل طور پر بند کر دیا جب کہ فیس بک اور انسٹاگرام پر بھی ٹرمپ کی پوسٹیں بلاک کر دی گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 909465
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش