QR CodeQR Code

خصوصی پوزیشن کی بحالی تک امن و امان کا قیام ناممکن ہے، شیخ مصطفٰی کمال

11 Jan 2021 21:22

این سی کے معاون جنرل سکریٹری نے کہا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی منسوخی ایک غیر سنجیدہ اور غیر دانشمندانہ فیصلہ تھا یہی وجہ ہے کہ آج لداخ اور جموں میں بھی ہر سطح پر لوگ بھارتی حکومت کے اقدامات سے نالاں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس اور اس کی قیادت اپنے اصولوں اور ایجنڈا پر قائم ہے اور پارٹی تینوں خطوں کی وحدت، انفراردیت، شناخت اور ہم آہنگی کو قائم و دائم رکھنے کے لئے برسر پیکار ہے۔ ان باتوں کا اظہار این سی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے جموں میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک جموں کشمیر اور لداخ کے لوگوں کے بنیادی اور جمہوری حقوق واپس نہیں کئے جاتے، تب تک امن و امان کا قیام ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 اور 35 اے کے تحت جموں و کشمیر کے لوگوں کو حاصل خصوصاً مراعات کی بحالی میں ہی ملک کی بقاء اور سالمیت کا راز مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سخت گیر پالیسی، ظلم و جبر اور استبداد سے وقتی طور پر خاموشی قائم کی جاسکتی ہے لیکن کسی بھی قوم کو دبایا نہیں جاسکتا ہے۔

شیخ مصطفٰی کمال نے کہا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی منسوخی ایک غیر سنجیدہ اور غیر دانشمندانہ فیصلہ تھا یہی وجہ ہے کہ آج لداخ اور جموں میں بھی ہر سطح پر لوگ بھارتی حکومت کے اقدامات سے نالاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اُن سب لیڈران کے بیانات کا خیرمقدم کرتے ہیں جنہوں نے مودی حکومت کے فیصلوں کو غلط قرار دیا ہے اور جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ڈاکٹر مصطفٰی کمال نے کہا کہ مودی حکومت کو چاہیئے کہ وہ جموں و کشمیر اور لداخ کے عوام کے احساسات اور جذبات کا احترام کرتے ہوئے دفعہ 370 اور 35 اے کی بحالی فوری طور پر عمل میں لائے۔


خبر کا کوڈ: 909531

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909531/خصوصی-پوزیشن-کی-بحالی-تک-امن-امان-کا-قیام-ناممکن-ہے-شیخ-مصطف-ی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org