QR CodeQR Code

منہاج القرآن کے نوجوان فرقہ واریت، انتہا پسندی اور تکفیریت کا پرچار کرنیوالوں کا راستہ دلیل سے روکیں، ڈاکٹر حسن محی الدین

11 Jan 2021 18:44

لاہور میں کانفرنس سے خطاب میں منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے، اسلام اور نظریہ پاکستان کی بنیادوں کیخلاف زہر افشانی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرے، قرآن پاک بغیر تحقیق کے خبر پھیلانے، الزام تراشی کرنے، دوسروں کی تضحیک کرنے سے سختی سے منع کرتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی طرف سے منعقد کردہ ”سوشل میڈیا سمٹ“ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے، اسلام اور نظریہ پاکستان کی بنیادوں کیخلاف زہر افشانی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرے، قرآن پاک بغیر تحقیق کے خبر پھیلانے، الزام تراشی کرنے، دوسروں کی تضحیک کرنے سے سختی سے منع کرتا ہے، سورۃ الحجرات میں اللہ رب العزت نے اظہار و بیان، تحریر و تقریر کی اخلاقیات بیان کر دی ہے، اس پر عمل کرنا ہر کلمہ گو مسلمان کی صوابدید نہیں بلکہ ایمانی فریضہ ہے، منہاج القرآن کے نوجوان سوشل میڈیا پر دلوں کو جوڑنے والے بنیں، فرقہ واریت، انتہا پسندی اور تکفیریت کا پرچار کرنیوالوں کا دلیل سے راستہ روکیں اور سادہ لوح نوجوانوں کو گمراہ ہونے سے بچائیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالی ہر خبر ویڈیو اور پوسٹ پر آنکھیں بند کر کے یقین مت کریں، اسلام اور پاکستان کے دشمن سوشل میڈیا کو گمراہ کرنے اور نفرت پھیلانے کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا سمٹ سے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی، معروف اینکر پرسن اسامہ غازی، صدیق جان، شعیب امام، فرخ شہباز وڑائچ، فرحان عزیز، فراز ہاشمی، رضی طاہر، محب مجید، حیدر مصطفی نے خطاب کیا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے تربیت یافتہ نوجوان نیکی اور اخلاق کی علامت ہیں، ایم ایس ایم کے نوجوان نفرتوں کے خاتمے اور اتحاد امت کے فروغ کیلئے سوشل میڈیا کو استعمال کریں۔ عرفان یوسف نے کہا کہ انتہا پسندی کا خاتمہ کردار سازی، اسلام اور نظریہ پاکستان کا تحفظ ہماری سوشل میڈیا کی مرکزی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سمٹ میں سندھ، بلوچستان، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا کے نمائندے شریک ہوئے۔

نوراللہ صدیقی نے کہا کہ سوشل میڈیا ایکٹویسٹ مخالفین سے مخاطب ہوتے وقت اخلاقیات کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، بہتر اخلاق منہاج القرآن سے وابستہ افراد کی پہچان ہے۔ اسامہ غازی نے کہا کہ سوشل میڈیا نے روایتی میڈیا کی معذوری ختم کر دی ہے، آپ بہترین سوچ، فکر اور کہانی کیساتھ سوشل میڈیا پر آئیں آپ کو پذیرائی ملے گی اور آپ کی بات سنی بھی جائے گی۔ فرخ شہباز وڑائچ نے کہا کہ منہاج القرآن اور ڈاکٹر طاہرالقادری کو پوری دنیا جانتی ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری کا سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ہماری سوسائٹی میں کچھ غلط ہو رہا ہے ورنہ اچھے لوگ سیاست سے کنارہ کش نہ ہوں۔ صدیق جان نے کہا کہ تحقیق، محنت اور مشاہدہ کی خوبی کیساتھ جو بھی سوشل میڈیا پر آئے گا اسے عزت بھی ملے گی اور توجہ بھی۔ راجہ زاہد محمود، منصور قاسم اعوان، طلحہ مصطفوی، عاقب ملک، مٹھل انصاری، اظہر اعوان، رانا تجمل، عائشہ مبشر و دیگر رہنماؤں نے سوشل میڈیا سمٹ میں خصوصی شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 909534

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909534/منہاج-القرا-ن-کے-نوجوان-فرقہ-واریت-انتہا-پسندی-اور-تکفیریت-کا-پرچار-کرنیوالوں-راستہ-دلیل-سے-روکیں-ڈاکٹر-حسن-محی-الدین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org